پاکستان

ایان علی کے وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کی درخواست مسترد

ایان علی ملک سے باہر ہیں، عدالت میں پیش نہیں ہو سکتیں، آئندہ سماعت پر عدالت میں موجود ہوں گی، لطیف کھوسہ

اسلام آباد: کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی ایک بار پھر عدالت میں پیش نہ ہو سکیں اور ان کے وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کی درخواست بھی مسترد کردی گئی۔

ملزمہ ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ نے بینکنگ عدالت میں کہا کہ عدالت کی آئندہ کارروائی کے دوران ان کی موکلہ عدالت میں پیش ہوجائیں گی۔

کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت بینکنگ کورٹ میں ہوئی جہاں راجہ غضنفر بطور ڈیوٹی جج موجود تھے۔

کسٹم عدالت کے جج شیراز کیانی کی رخصت کی وجہ سے سماعت کو بینکنگ کورٹ منتقل کیا گیا تھا۔

یہ خبر دیکھیں: ماڈل ایان علی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

گزشتہ سماعت پر کسٹم عدالت کی جانب سے ملزمہ کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیلی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ ملزمہ ایان علی کی کراچی میں موجود ان کی رہائش گاہ پر گرفتاری کے حوالے سے وارنٹ گرفتاری بھجوائے گئے لیکن گرفتاری عمل میں نہ لائی جاسکی۔

ماڈل ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ نے دوران سماعت عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی موکلہ بیرون ملک گئی ہوئی ہیں لہٰذا وہ اس وقت عدالت میں پیش نہیں ہو سکتیں۔

لطیف کھوسہ کے ان دلائل پر ریمارکس دیتے ہوئے جسٹس راجہ غضنفر نے کہا کہ میں بطور ڈیوٹی جج کیس کی سماعت کر رہا ہوں وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کا فیصلہ ٹرائل کورٹ ہی کرے گی۔

مزید پڑھیں: اپنا کیریئر تباہ کرنے والی مشہور شخصیات

ڈیوٹی جج نے اس کیس کی سماعت کو 29 جولائی تک ملتوی کر دیا۔

بعدازاں عدالت کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے ملزمہ کے وکیل لطیف کھوسہ نے اس اُمیدا کا اظہار کیا کہ ان کی موکلہ ایان علی آئندہ سماعت پر عدالت کے سامنے پیش ہو سکتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس مقدمے کے اخراج کے لئے قانونی ٹیم نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے اگر وہاں سے فیصلہ ان کے حق میں ہو جاتا ہے تو پھر ایان علی کو کسٹم عدالت میں پیش ہونے کی ضرورت نہیں رہے گی۔