Dawn News Television

اپ ڈیٹ 25 جون 2017 05:17pm

خیبرپختونخوا میں ایک روز قبل عید منانے کی روایت برقرار

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت اور اس کے مضافاتی علاقوں میں متعدد مقامات پر آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عید الفطر منائی جارہی ہے۔

خیبرپختونخوا کے جن علاقوں میں عیدالفطر کے اجتماعات ہوئے ان میں پشاور، مردان، صوابی، چار سدہ، بنوں، کوہاٹ، شمالی اور جنوبی وزیرستان اور مہمند ایجنسی شامل ہے۔

— فوٹو، اے ایف پی

پاکستان کے شمالی علاقے میں لوگوں کی بڑی تعداد نے نماز عید ادا کی اور ایک دوسرے کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کی جبکہ ایسے علاقے جہاں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے وہاں پر انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے تھے۔

— فوٹو، اے ایف پی

گذشتہ روز پشاور میں قائم مسجد قاسم علی خان کی انتظامیہ نے غیر سرکاری اجلاس کے بعد چاند کی رویت کے حوالے سے موصول ہونے والی 40 سے زائد شہادتوں کے بعد چاند کی رویت کا اعلان کرتے ہوئے اتوار کو عیدالفطر منانے کا فیصلہ کیا تھا۔

— فوٹو، اے ایف پی

یاد رہے کہ مسجد قاسم علی خان کے خطیب شہاب الدین پوپلزئی جو پاکستان میں چاند کی رویت کمیٹی سے قبل ہی رمضان المبارک، عید الفطر اور عید الضحیٰ کے چاند کا اعلان کرنے کے حوالے سے مشہور ہیں، اس وقت دبئی میں موجود ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں کمیٹی نے اجلاس میں عید منانے کا فیصلہ کیا تھا۔

— فوٹو، اے ایف پی

خیبر پختونخوا کے اکثر علاقے پاکستان کی سرکاری رویت ہلال کمیٹی اور اس کے چاند کی رویت کے عمل کو نہیں مانتے لہٰذا خود سے اپنے ذرائع سے چاند کی رویت کا اعلان کرتے ہوئے دنیا بھر میں دیگر ممالک کے ساتھ عید الفطر، عید الضحیٰ اور دیگر اسلامی تہوار منانے کا اعلان کر دیتے ہیں۔


Read Comments