ایل اوسی:بھارتی فوج کی شیلنگ سے ایک شخص جاں بحق
آزاد جموں کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) پر بھارتی فورسز کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک جاں بحق اور خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔
مقامی پولیس کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے شیلنگ کا واقعہ ضلع کوٹلی کے جنوبی علاقے نکیال سیکٹر پر پیش آیا جہاں بھارتی فوج نے آٹومیٹک ہتھیار اور چھوٹے اسلحے کا استعمال کیا۔
ڈان کو پولیس عہدیدار خورشید احمد نے بتایا کہ مقامی رہائشی عبدالوہاب قریبی گاؤں دوتھیلا جارہے تھے کہ مارٹرشیل لگنے سے زخمی ہونے کے بعد نکیال بازار میں ایک دکان کی طرف بھاگ گئے جہاں وہ دم توڑ گئے۔
بھارتی فوج کی شیلنگ سے بالاکوٹ میں 25 سالہ محمد شکیل، موہرا گھمبا میں 28 سالہ آصف محمود اور بوہیل کالونی میں 32 سالہ خاتون سفیرا بی بی زخمی ہوئیں۔
پولیس اہلکار ادریس احمد کے مطابق تمام زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہستپال کوٹلی منتقل کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے 2 نوجوان جاں بحق، 3 زخمی
ان کا کہنا تھا کہ 'بھارتی فوج کی جانب سے اس قدر شدید فائرنگ کی جارہی تھی کہ پولیس زخمیوں کو بڑی دیر تک ہسپتال منتقل نہیں کرپائی اور یہ سلسلہ شام تک جاری رہا اور رات کے 8:30 بجے رک گیا'۔
عسکری ذرائع اور مقامی باشندوں کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے بھارتی شیلنگ کا 'موثر' جواب دیا۔
ڈپٹی کمشنر عبدالحامد کے مطابق جہلم میں چکوٹی سیکٹر پر بھی بھارتی فوج کی جانب سے شیلنگ کی گئی لیکن وہاں پر کوئی 'بڑا نقصان' رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارتی فوج کے درمیان کشمیر میں ایل اوسی پر حالات کافی عرصے سے کشیدہ ہیں۔
مزید پڑھیں:ایل او سی:بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق
حال ہی میں 22 جون کو نکیال سیکٹر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایک خاتوں اور کم سن لڑکی زخمی ہوئی تھیں جبکہ 15 جون کو ضلع بھمبر میں دو افراد زخمی ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ 12 جون کو کوٹلی کے علاقے تتہ پانی میں بھارتی فوج کی شیلنگ کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق اور تین زخمی ہوئے تھے۔
حکام کے مطابق رواں برس جنوری سے اب تک بھارت لائن آف کنٹرول پر 400 سے زائد مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے، جبکہ گذشتہ برس یہ تعداد 382 تھی۔
حالیہ ہلاکت کے بعد جنوری سے اب تک بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 تک جا پہنچی ہے جبکہ ان واقعات میں 68 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔