گانا ’ہوا ہوا‘ پھر بھارتی فلم میں، اس کا اصل تخلیق کار کون؟
بولی وڈ اداکار ارجن کپور کی جلد ریلیز ہونے والی فلم ’مبارکاں‘ میں مقبول پاپ گانے ’ہوا ہوا‘ کو منفرد انداز میں شامل کیا گیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہے۔
ایسا پہلی بار نہیں ہوا جب اس کامیاب پاپ سانگ کو کسی بولی وڈ فلم میں شامل کیا گیا ہو، اس سے قبل یہ گانا متعدد بولی وڈ فلموں میں شامل کیا گیا جن میں ’آپ کے لیے‘ اور ’چالیس چوراسی‘ نامی فلمیں موجود ہیں۔
’ہوا ہوا‘ گانا پاکستان کے 55 سالہ نامور گلوکار حسن جہانگیر نے گایا تھا، جو آج بھی اتنا ہی مقبول ہے جتنا تقریباً 30 سال قبل اپنی ریلیز کے وقت تھا۔
فلم ’مبارکاں‘ کے گانے کی ریلیز کے بعد سوشل میڈیا پر ارجن کپور اور ان کی فلم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کی وجہ یہ تھی کہ انہوں نے اپنے گانے میں حسن جہانگیر کو کوئی کریڈٹ نہیں دیا۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ حسن جہانگرین کا یہ مقبول گانا ’ہوا ہوا‘ ایرانی گلوکار کورش یغیمی کے گانے ’ھوار ھوار‘ سے متاثر ہے۔
70 سالہ ایرانی گلوکار کورش یغیمی کا فارسی زبان میں گایا ہوا گانا ’ھوار ھوار‘ 70ء کی دہائی میں ان کے البم ’گلِ یخ‘ میں شامل تھا۔
اس گانے کے بول تو مختلف ہیں لیکن دھن بہت حد تک ایک جیسی ہی ہے اور چند رپورٹس کے مطابق حسن جہانگیر نے خود اس بات کا اعتراف بھی کیا ہے کہ ان کا گانا ایرانی گلوکار کے گانے ’ھوار ھوار‘ سے متاثر ہے۔
اب کس نے کس کا گانا گایا یہ تو معلوم نہیں لیکن آپ کو سب سے زیادہ کونسا گانا پسند آیا اپنی آراء کا اظہار کمنٹس میں ضرور دیں۔