انسان کی زیادہ سے زیادہ عمر کتنی ہوسکتی ہے؟
ویسے تو زندگی پر کوئی بھروسہ نہیں، پل جھپک میں ہی انسان کی سانسوں کے سلسلے ٹوٹ جاتے ہیں، اور وہ موت کا قصہ بن جاتا ہے۔
مگر دنیا کے کئی ممالک میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں، جوایک صدی سے بھی زیادہ زندگی جیتے ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ ماضی میں توانسان کی زندگی ایک ہزار برس تک بھی ہوتی تھی، مگرآج کل کے زمانے میں اوسط زندگی کم ہوکر 60 سے 80 سال تک محدود ہوگئی ہے۔
لیکن چند ممالک ایسے بھی ہیں، جہاں لوگوں کی زندگی 115 برس تک بھی جاتی ہے۔
اور ماہرین صحت یہ تسلیم کرتے آئے ہیں کہ اگر کسی شخص میں جینیاتی طورپر زیادہ عمر کے جینز موجود ہوں اور وہ شفاف ماحول کے حامل ملک میں رہائش پذیر ہو تو اس کی زندگی 115 برس تک بھی جا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لمبی عمر کے حصول کا آسان نسخہ
مگرحال ہی میں ماہرین صحت کی جانب کیے جانے والے طبی سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ’اس بات کی کوئی بھی ضمانت نہیں دی جاسکتی کہ انسان کی زیادہ سے زیادہ عمر کتنی ہوسکتی ہے؟۔
کینیڈا کی مک گیل یونیورسٹی آف مونٹریال کے ماہرین کی جانب سے ’انٹرنیشنل ڈیٹابیس آف لانگوٹی‘ اور دنیا کے ماحولیاتی آلودگی کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔
سائنس جرنل نیچر میں شائع رپورٹ کے مطابق ڈیٹا کے جائزے کے بعد ماہرین اس نتیجے پر پہنچے کہ آج کے جدید دور میں اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں دی جاسکتی کہ کس شخص کی زیادہ سے زیادہ عمر کتنی ہوسکتی ہے۔
اس سے پہلے ماہرین صحت نے بہتر شفاف ماحول کی وجہ سے طویل اوسط عمر کا درجہ رکھنے والے ممالک کے شہریوں کے لیے کہا تھا کہ وہ 115 برس کی عمر تک جا سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: خواتین کی عمر لمبی کیوں ہوتی ہے؟
تاہم مونٹریال کی مک گیل یونیورسٹی کے ماہرین نے ان دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کے بارے میں یہ نہیں کہا جاسکتا کہ اس کی زندگی کتنی طویل ہوسکتی ہے۔
ماہرین نے اپنی رپورٹ میں بہتر شفاف ماحول رکھنے والے ممالک کے شہریوں کی کم سے کم یا زیادہ سے زیادہ زندگی کا تعین بھی نہیں کیا، جس وجہ سے ان کی رپورٹ کو نامکمل قرار دیا جا رہا ہے۔
مک گیل یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق انسان کی طویل زندگی کا 25 فیصد تعلق ان کی جینز سے ہوتا ہے، جو اسے خاندان سے ورثے میں ملتی ہے، جب کہ لمبی عمر کا 75 فیصد تعلق موسمی ماحول، صحت اور دیگر عوامل سے ہوتا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ تاہم اس کی کوئی گارنٹی نہیں دی جاسکتی کہ اچھے موسمی ماحول کے حامل ممالک اور بہتر صحت رکھنے والے افراد کی زیادہ سے زیادہ عمر کتنی ہوگی؟