ریلوے ڈرائیورز کی ہڑتال ختم، ٹرین سروس بحال
لاہور: ریلوے انتظامیہ کی جانب سے مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کے بعد ریلوے ڈرائیورز نے ہڑتال ختم کردی، جس کے بعد ٹرین سروس بحال کردی گئی۔
ریلوے کے وفاقی وزیر نے ڈرائیورز کی ہڑتال سے پہلے ہی ٹرین سروس بحال کرنے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم اب ڈرائیورز نے بھی ہڑتال ختم کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق ریلوے یونین ایسوسی ایشن کے صدرعرفان اقبال نے ہڑتال ختم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انتظامیہ اور یونین کے درمیان کل مذاکرات ہوں گے۔
عرفان اقبال کے مطابق حکومت 6 میں سے 2 مطالبات کو پہلے ہی مان چکی تھی، جب کہ مزید مطالبات کو بھی تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
مزید پڑھیں: ریلوے کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان
ایسوسی ایشن کے صدر نے بتایا کہ ہڑتال کرنے والے ڈرائیورز اور ریلوے حکام کے درمیان 24 جولائی کو مذاکرات ہوں گے، جب کہ ہڑتال ختم کرکے سروس بحال کردی گئی۔
خیال رہے کہ کہ ٹرین ڈرائیورز نے گذشتہ روز سے تنخواہوں سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے ملک گیر ہڑتال کرتے ہوئے مختلف اسٹیشنز پر گاڑیاں روک لیں تھی۔
ٹرین ڈرائیورز تنخواہوں میں اضافے، حادثات کے مقدمات ختم کرنے سمیت دیگر مطالبات کررہے تھے، جنہیں حکام نے ماننے سے انکار کردیا۔
ریلوے ڈرائیورز کی ہڑتال کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی اسٹیشنز پر ریلوے انتظامیہ اور مسافروں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی سامنے آئے۔
ڈرائیورز کی جانب سے ہڑتال ختم نہ کرنے کے اعلان سے قبل ہی حکومت نے ہڑتال کو ناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں تمام ٹرینیں بحال کردی گئیں ہیں جبکہ ادارہ اس ہڑتال کے باعث مسافروں کو پہنچنے والی تکلیف اور پریشانی پر ان سے معذرت خواہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ریلوے کے 33 ارب روپے کے خسارے میں کمی اہم ترین ہدف ہے، سعد رفیق
ریلوے حکام نے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ 48 گھنٹوں میں تمام ٹرینوں کی وقت پر آمد اور روانگی کو یقینی بنایا جائے،جس پر عمل کرتے ہوئے ٹرین سروس کو بحال کردیا گیا۔
ریلوے حکام کے دعوے سے قبل وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے لاہور میں ریلوے ہیڈ کوارٹر میں اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ ملک بھر میں ٹرین ڈرائیورز کی جاری ہڑتال کو ناکام بنا دیا گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے نے کنٹریکٹ پر رکھے گئے ڈرائیورز کو بلوا کر ٹرینیں چلانا شروع کردی ہیں۔
تاہم بعد ازاں ریلوے یونین ایسو سی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین سروس بحال کردی گئی۔