Dawn News Television

شائع 23 جولائ 2017 05:38pm

اعصام نے ہال آف فیم اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق اور ان کے پارٹنر راجیو رام نے نیو پورٹ میں ہونے والا ہال آف فیم اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔

ٹینس میں پاکستانی اسٹار اعصام الحق کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے اور ہال آف فیم اوپن کے فائنل میں اعصام الحق اور ان کے امریکی پارٹنر راجیو رام نے آسٹریلیا کے میٹ ریڈ اور جان پیٹرک اسمتھ کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

اعصام اور راجیو نے فائنل میں 6-4، 4-6 اور 10-7 سے کامیابی حاصل کی۔

یہ اعصام کے کیرئیر کا 15واں اے ٹی پی، دوسرا نیوپورٹ اور رواں سال چوتھا ٹائٹل ہے۔

فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے کہا کہ راجیو کے ساتھ کھیلنا بہت خوش آئند ہے، یہ ہفتہ بہت شاندار رہا۔ میں نیوپورٹ سے محبت کرتا ہوں اور یہاں دوبارہ واپس آنا پسند کروں گا۔

انہوں نے اپنے پارٹنر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ راجیو نے گراس کورٹ میں کئی ٹائٹل جیتے ہیں اور یہ ایک بہترین کمبی نیشن ہے۔ امید ہے کہ اہم مستقبل میں بھی کھیل سکیں گے۔ پہلی مرتبہ ایک ساتھ کھیلتے ہوئے ٹورنامنٹ جیتنے پر بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں۔

Read Comments