چکن ریشمی کباب کھانا پسند کریں گے؟
پاکستان میں بار بی کیو کھانے بھی بڑے شوق سے کھائے جاتے ہیں، خصوصی طور پر شہری لوگ ہفتے میں ایک بار یا کم سے کم 15 دن میں ایک بار بار بی کیو کھانا پسند کرتے ہیں۔
بار بی کیو کھانے محنت طلب ہوتے ہیں، اس لیے انہیں گھروں میں کم ہی تیار کیا جاتا ہے، دوسرا یہ سمجھا جاتا ہے کہ ایسے کھانے تیار کرنا ہوٹل والوں کا ہی کام ہے۔
حتیٰ کہ اگر بار بی کیو کھانے گھر پر بنائے جائیں تو وہ نہ صرف زیادہ ذائقہ دار ہوتے ہیں، بلکہ وہ تازہ بھی ہوتے ہیں۔
چکن ریشمی کباب کا شمار بھی زیادہ کھائے جانے والے بار بی کیو کھانوں میں ہوتا ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ چکن ریشمی کباب کو تیار کرنا تھوڑا سا مشکل ہے، مگر گھر پر تیار کیے گئے چکن ریشمی کباب کا موازنہ بازار میں تیار ہونے والے کباب سے نہیں کیا جاسکتا۔
اجزاء
قیمہ مرغی کا ایک کلو
سفید چنے 100 گرام
خشک دودھ 75 گرام
فریش کریم ایک پیکٹ
کوکنگ آئل 3 کپ
مکس گرم مصالحہ پسا ہوا 100 گرام
ڈبل روٹی کی سلائس 2 سے 3 عدد
سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ
چھوٹی الائچی 8 عدد
خشخاش ایک چائے کا چمچ
سیخ کباب گرم مصالحہ ایک پیکٹ
نمک حسب ذائقہ
سرخ مرچ حسب ذائقہ
ہری مرچ ثابت 4 سے 5 عدد کاٹ لیں
پودینہ و دھنیا ایک گٹھی کاٹ لیں
ترکیب
سب سے پہلے چنے، زیرہ، چھوٹی الائچی، کالی مرچ اور خشخاش کو ملاکر اچھی طرح پیس لیں۔
مکسچر کے ساتھ ڈبل روٹی، پسا ہوا گرم مصالحہ اور قیمہ ملاکر ہلکا سے پیس لیں۔
الگ برتن میں سیخ کباب مصالحہ، خشک دُودھ، فریش کریم، نمک، پسی لال مرچ، ہری مرچ، پودینے، دھنیے اور پپیتے ملاکر تمام چیزوں کو اچھی طرح گوندھیں اور تھوڑی دیر کے لیے رکھ دیں۔
ایک بڑے برتن میں تمام چیزوں کو مکس کرکے اس کے کباب تیار کرلیں۔
کباب کو سیخ میں لگاکر، ہلکا سا تیل لگائیں، اور کوئلے کی آگ پر 20 سے 25 منٹ سینکیں۔
اتارنے سے پہلے کباب پر دوبارہ تیل ملیں، اور پھر انہیں سیخوں سے نکال لیں۔
تمام کباب کو ترتیب وار ایسے ہی پکائیں۔
آخر میں پلیٹوں میں نکال کر پیش کریں۔
چاہیں تو کباب پر لیموں کا رس چھڑکیں، چاہیں تو الگ سے لیموں، پیاز ، سلاد اور چٹنی کے ساتھ نوش فرمائیں۔