Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 اگست 2017 11:46am

’فوج ملک کو پٹڑی پر لاتی ہے، سویلین اسے اتار دیتے ہیں‘

سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کا کہنا ہے کہ عوام کو ملک کی ترقی اور خوشحالی چاہیے، انہیں جمہوریت یا آمریت سے کوئی غرض نہیں، پاکستان میں فوج ملک کو پٹڑی پر لاتی ہے جبکہ سویلین حکومت اسے اتار دیتی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو کو خصوصی انٹرویو کو دیتے ہوئے سابق صدر نے دعویٰ کیا کہ حکومت کو ہٹانے کا اختیار عوام کے پاس ہونا چاہیے، لیکن پاکستان میں حالات مختلف ہیں، عوام خود بھاگ کر فوج کے پاس آتے ہیں کہ ان سے ہماری جان چھڑوائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے عوام کے مطالبے پر ٹیک اوور کیا تھا'۔

پرویز مشرف نے کہا کہ آئین مقدس ہے لیکن آئین سے زیادہ قوم مقدم ہے، ’ہم آئین کو بچاتے ہوئے قوم کو ختم نہیں کرسکتے لیکن قوم کو بچانے کے لیے آئین کو تھوڑا سا نظرانداز کیا جا سکتا ہے۔‘

سابق صدر نے کہا کہ ایشیائی ممالک میں ترقی صرف ڈکٹیٹروں کی وجہ سے ہوئی اور پاکستان نے ہمیشہ فوجی قیادت میں ترقی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو خوشحالی نہ ملے تو الیکشن یا آزادی بے سود ہے، ڈکیٹیٹروں نے ہر مرتبہ ملک ٹھیک کیا جبکہ سویلینز نے بیڑہ غرق کیا، ’پاکستان میں فوج ملک کو پٹڑی پر لاتی ہے، سویلین اسے اتار دیتے ہیں‘۔

پرویز مشرف نے کہا کہ عوام کو جمہوریت یا آمریت، کمیونزم یا سوشلزم اور بادشاہت سے کوئی زیادہ فرق نہیں پڑتا، ملک کو ترقی جبکہ عوام کو خوشحالی چاہیے، ان کا کہنا تھا، ’عوام کو روزگار، خوشحالی اور سیکیورٹی چاہیے‘۔

پاکستان میں مارشل لاء لگانے کے حوالے سے پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ ملک میں جب بھی مارشل لاء لگائے گئے یہ اُس وقت کے حالات کا تقاضا تھا۔

انہوں نے پاکستان کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سویلین اور فوجی حکومتوں کے ریکارڈ دیکھ لیں، فوجی قیادت میں ملک نے ہمیشہ ترقی کی، ’سابق صدر جنرل ایوب خان کے دس سال کی حکومت میں ملک نے ترقی کے ریکارڈ قائم کیے‘۔

پرویز مشرف نے 1971 میں ملک کے دو لخت ہونے کے حوالے سے الزام لگایا کہ پاکستان توڑنے میں فوج کا نہیں بھٹو کا قصور تھا، ’اس کا کچھ الزام یحیٰی خان پر بھی آتا ہے‘۔

سابق صدر نے سابق جنرل ضیاء الحق کے دور کو متنازع قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ انھوں نے ملک کو مذہبی انتہاپسندی کی جانب دھکیلا، لیکن ساتھ ہی ضیاء الحق کی تعریف کی کہ انہوں نے طالبان اور امریکہ کی مدد کرکے سویت یونین کے خلاف جو کیا وہ بالکل درست تھا۔

خیال رہے کہ پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل پرویز مشرف نے 1999 میں ایک فوجی بغاوت کے ذریعے حکومت سنبھالی تھی، اقتدار سنبھالنے کے بعد وہ 2008 تک ملک پر حکمرانی کرتے رہے۔

Read Comments