Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 اگست 2017 10:20am

آرتھر نے انضمام کے سامنے میری تذلیل کی:عمراکمل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز عمر اکمل نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر نازیبا زبان استعمال کرنے اور گالیاں دینے کا الزام عائد کردیا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمراکمل کا کہنا تھا کہ 'جب میں مکی آرتھر کے پاس جاتا ہوں تو وہ مجھے ڈانٹنے لگ جاتے ہیں، وہ انضمام کے کمرے میں میری تذلیل کرتے ہیں اور مجھے غلط الفاظ استعمال کرتے ہیں جو میرے لیے دردکا باعث ہیں، میں پاکستان کا کھلاڑی ہوں بغیر غلطی کے کوئی بھی اٹھ کے مجھے گالیاں دے تو میرے لیے شرم کی بات ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ' اگر مجھ میں کوئی مسئلہ ہے میں نے ہرچیز مانا ہے، میری فٹنس ٹھیک نہیں ہے تو میں نے مان لیا ہے اور میں اس پر کام کررہا ہوں اس پر آپ کوئی ٹرینر دیں اس کے باوجود مجھے نازیبا الفاظ استعمال کیے'۔

انھوں نے کہا کہ 'آرتھر نے کہا تمھیں یہاں آنے نہیں چاہیے اور جا کر کلب کرکٹ کھیلیں اور آپ کو یہاں آنے کی اجازت کس نے دی یہ صرف مجھے نہیں پورے پاکستانیوں کو گالیاں دے رہے ہیں'۔

عمراکمل نے کہا کہ 'اتنے بڑے لوگوں کے سامنے انھوں نے مجھے گالیاں دیں اس لیے مجھ سےبرداشت نہیں ہوا اور میں پاکستانی عوام اور اپنے مداحوں کے سامنے یہ بات لانا چاہتا ہوں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مداح مجھے کہتے ہیں کہ اپنی فٹنس ٹھیک کریں اور میں فٹنس ٹھیک کرنا چاہ رہاہوں تو یہ مجھے کرنے نہیں دے رہے ہیں اور مجھ سے ہر چیز چھین رہے ہیں، اکیڈمی اپنی غلطیوں کو ٹھیک کرنے کے لیے ہوتی ہیں'۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عمر اکمل کے بیان پر نوٹس لے لیا گیا۔

پی سی بی کی جانب سے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا گیا ہے کہ عمراکمل کو شوکاز نوٹس بھیج دیا جائے گا۔

Read Comments