کھیل

ورلڈ الیون سے سیریز کیلئے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ الیون سے تین ٹی20 میچوں کی سیریز کیلئے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، قیادت سرفراز کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ الیون کے خلاف آزادی کپ کیلئے سرفراز احمد کی قیادت میں 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس سے محمد حفیظ، وہاب ریاض اور سہیل تنویر کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔

پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی 20 میچ بالترتیب 12، 13 اور 15 ستمبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔

دورہ ویسٹ انڈیز پر قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کامران اکمل، محمد حفیظ ، سہیل تنویر اور وہاب ریاض کو مایوس کن کارکردگی پر ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے جبکہ سہیل خان، عمر امین، عامر یامین اور محمد نواز کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخرزمان ، احمد شہزاد، بابراعظم، شعیب ملک، عمر امین، عامر یامین، محمد نواز، عماد وسیم، شاداب خان، سہیل خان، محمد عامر، فہیم اشرف، حسن علی، عثمان شنواری اور رومان رئیس شامل ہیں۔

یاد رہے کہ فاف ڈیو پلیسی کی زیر قیادت ورلڈ الیون 11 ستمبر کو پاکستان آمد سے قبل دبئی میں دو دن پریکٹس کرے گی۔

ورلڈ الیون کے 14 رکنی اسکواڈ کی قیادت جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ اور ٹی20 کپتان فاف ڈیو پلیسی کو سونپی گئی ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ہاشم آملا، تمیم اقبال، سیمیول بدری، جیارج بیلی، پال کالنگ وڈ، بین کٹنگ، گرانٹ ایلیٹ، تمیم اقبال، ڈیوڈ ملر، مورنے مورکل، ٹم پین، تھسارا پریرا، عمران طاہر اور ڈیرن سیمی شامل ہیں۔