پاکستان

’نواز شریف کی ترقی دھوکہ،عمران خان کی ترقی جھوٹ ہے‘

دہشت گردوں سے خوفزدہ خان صاحب نے اب مچھروں سے بھی ڈرنا شروع کردیا ہے، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے خوفزدہ عمران خان نے اب مچھروں سے بھی ڈرنا شروع کردیا ہے جبکہ میاں صاحب کی ترقی دھوکہ تو خان صاحب کی تبدیلی جھوٹ ہے۔

فتح جنگ میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’سازش کے تحت پیپلز پارٹی کو محدود کرنے کی کوشش کی گئی لیکن پنجاب سے بولان تک پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے اور کسانوں، مزدوروں اور ماؤں بہنوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’غریبوں کی سیاست کبھی نہیں چھوڑی، اس ملک کا کسان جانتا ہے کہ پیپلز پارٹی نے خوشحالی کے لیے کام کیا، ہم کبھی آمر کے سامنے نہیں جھکے اور نہ کبھی کسی دہشت گرد سے ڈرے۔‘

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’آج ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو دھمکی دی ہے اور دہشت گردی کے شکار ملک پر دہشت گردوں کی سرپرستی کا الزام لگایا گیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں، نواز حکومت نے 4 سال تک کوئی وزیر خارجہ نہیں بنایا اور جو وزیر خارجہ بنایا وہ پاکستان کے بجائے نواز شریف کا مقدمہ لڑ رہا ہے، دنیا میں کوئی ملک تنہا نہیں چل سکتا اور دنیا کو اپنا بیانیہ بتانا پڑتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آج ملک کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، انتہا پسندی کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے قوم کو متحد کرنا ہوگا، حکمراں اور سیاسی جماعتیں عوام کو اصل صورتحال نہیں بتا رہے جبکہ سیاستدان کرسی کی جنگ لڑ رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے پاس کوئی پروگرام اور نظریہ نہیں اور کسان اور غریب عوام دونوں جماعتوں کے ایجنڈے پر نہیں۔‘

بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’میاں صاحب کی ترقی دھوکہ تو خان صاحب کی تبدیلی جھوٹ ہے، خان صاحب کی تبدیلی کے سب دعوے جھوٹ ہیں، جب عوام کو ضرورت ہوتی ہے عمران خان پہاڑ پر چڑھ جاتے ہیں اور دہشت گردوں سے خوفزدہ خان صاحب نے اب مچھروں سے بھی ڈرنا شروع کردیا ہے، جبکہ پشاور میں لوگ ڈینگی کا شکار ہیں اور عمران خان سکھر میں جلسہ کر رہے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی ذہانت سے اسیر فوجیوں کو رہائی دلائی اور آصف زرداری نے مشکل حالات میں پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، اب پیپلز پارٹی کا جھنڈا میں نے اٹھا لیا ہے، ہم حالات سے گھبرانے والے نہیں، عوام کی حمایت اور طاقت پر یقین رکھتا ہوں جبکہ ٹرمپ کی پالیسی پر عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔‘