Dawn News Television

شائع 08 ستمبر 2017 10:27pm

خطرناک طوفان ’اِرما‘ امریکا کے لیے خطرہ

بحرہ اوقیانوس میں جمعرات 7 ستمبر سے آنے والا طاقت ور سمندری طوفان ’اِرما‘ کیریبین جزائر کو تباہ کرنے کے بعد امریکا کی جانب بڑھ رہا ہے۔

اِرما طوفان کے باعث اب تک وسطی امریکا کے کئی جزائر تباہ ہوچکے ہیں، جب کہ اب تک اس سے 20 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق بھی ہوچکی ہے۔

اِرما 8 ستمبر تک وسطی امریکی جزائر سے نکل کر کیوبا کے ساحل تک پہنچ چکا تھا، جس کے بعد اس کا اگلا پڑاؤ بہاماس اور پاناما کے جزائر ہوں گے۔

ہنگامی امداد سے متعلق امریکی وفاقی ادارے نے ریاست فلوریڈا کے 5 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ہنگامی امدادی ادارے کے مطابق ارما کا طوفان 9 ستمبر تک امریکا کے قریب پہنچ جائے گا، جب کہ 11 ستمبر تک اس کے فلوریڈا کے ساحلوں سے ٹکرانے کا امکان ہے۔

ارما سے اب تک کیریبین جزائر اور ہیٹی میں لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں، اور کئی جزائر تو 90 فیصد تک تباہ ہوچکے ہیں۔

ارما کی 8 ستمبر تک رفتار 270 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی، کہا جا رہا ہے کہ کسی بھی سمندری طوفان کی یہ رفتار 1973 کے بعد سب سے تیز ہے۔

Read Comments