Dawn News Television

شائع 09 ستمبر 2017 06:28pm

وزیراعظم کی پاک فضائیہ ٹریننگ مشن میں شرکت

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان فضائیہ کے آپریشنل بیس سرگودھا کا دورہ کیا اور ایف 16 کے کاک پٹ میں بیٹھ کر ٹریننگ مشن مشقوں میں براہ راست حصہ لیا۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پاکستان کی تاریخ کے پہلے وزیراعظم ہیں جنھوں نے ریئر کاک پٹ میں بیٹھ کر ایف16 جہاز اڑا کر تربیتی مشن میں حصہ لیا۔

اس دوران ائرچیف نے دوسرے ایف 16 میں بیٹھ کر مشقوں میں حصہ لیا۔

فلائنگ مشن کے بعد وزیراعظم نے افسران سے ملاقاتیں کیں

وزیراعظم ایف 16 میں سوار ہو کر مشن میں حصہ لیا

فلائنگ مشن سے لینڈنگ کے بعد وزیراعظم نے ایئرفورس کے کمبیٹ افسران اور گراونڈ کریو کے ساتھ ملاقات کی اور پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کے عزم و حوصلے کی تعریف کی۔

وزیراعظم کو پاک فضائیہ کی سیفرون بینڈڈ نامی فوجی مشقوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی اورآگاہ کیا گیا کہ ائرفورس رواں سال اکتوبر میں 19 ممالک کے فضائی دستوں پر مشتمل کثیرالملکی تربیتی مشقوں کی میزبانی کرے گی۔

وزیراعظم نے نئے تعمیر شدہ ایئرپاور سینٹر آف ایکسی لینس کا بھی دورہ کیا۔

شاہد خاقان عباسی کو پاک فضائیہ کے تحت چلنے والے تعلیمی، صحت اور دیگر اداروں کی کارکرگی اور معیار سے بھی تفصیلی طورپر آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے کامرا میں شروع کیے گئے ایوی ایشن سٹی منصوبے پر خصوصی دلچسپی لی جو ایوی ایشن کے میدان میں جدت لانے کی جانب ایک قدم ہے۔

پاک فضائیہ کے مطبق ایوی ایشن سٹی کا بنیادی مقصد صنعت سے رابطے کی مدد سے تحقیق اور ترقی کے اقدامات پر بھرپور توجہ دینا ہوگا۔

قبل ازیں ایئرچیف مارشل سہیل امان نے پاک فضائیہ کے ایئربیس سرگودھا آمد پروزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا استقبال کیا۔

Read Comments