پاکستان

کلثوم نواز تیسری سرجری کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج

سابق خاتون اول سرجری کے بعد دو روز تک ہسپتال میں رہیں، جہاں ایک دن انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا تھا۔

کراچی: برطرف وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو تیسری سرجری کے بعد لندن کے ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

نواز شریف اور کلثوم نواز کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے اس بارے میں اعلان کیا۔

اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’ابھی ابھی امی کو گھر لے کر آئے ہیں اور الحمداللہ تیسری سرجری کے بعد ان کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے‘۔

سابق خاتون اول کلثوم نواز تیسری سرجری کے بعد دو روز تک ہسپتال میں رہیں، اس عرصے میں ایک دن انہیں شعبہ انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) میں رکھا گیا۔

اس حوالے سے کی گئی مریم نواز کی دوسری ٹوئیٹ کے مطابق آپریشن کا اگلا روز انہوں نے آئی سی یو میں گزارا تھا۔

خیال رہے کہ تیسری سرجری کے لیے انہیں رواں ہفتے بدھ (20 ستمبر) کو ہسپتال لایا گیا تھا جس کی ویڈیو ٹوئیٹ کرتے ہوئے مریم نواز نے لوگوں سے دعا کی درخواست کی تھی۔

واضح رہے کہ نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز نے حال ہی میں این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کی ہے، وہ ان دنوں کینسر کے علاج کے لیے برطانیہ میں موجود ہیں۔


یہ خبر 23 ستمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔