Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 اپريل 2019 12:46pm

پاکستانی نژاد کامیڈین امریکی ٹی وی شو کی میزبانی کریں گے

پاکستانی نژاد امریکی کامیڈین اداکار کمیل ننجیانی پہلی بارامریکا کے معروف ٹی وی چینل نیشنل براڈ کاسٹنگ کمپنی (این بی سی) کے شہرہ آفاق شو کی میزبانی کریں گے۔

کمیل ننجیانی پہلی بار گزشتہ تین دہائیوں سے چلنے والے این بی سی کے کامیڈی شو ’سیٹرڈے نائٹ لائیو‘ کی میزبانی کریں گے۔

کمیل ننجیانی صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیدا ہوئے، اور ابتدائی تعلیم وہیں حاصل کی، کراچی گرامر اسکول سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ 18 برس کی عمر میں امریکا منتقل ہوئے۔

انہوں نے کمپیوٹر سائنس اور فلاسافی کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے، جب کہ وہ امریکا کے معروف کامیڈین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔

پہلی بار پاکستانی اداکار و اسرائیلی نژاد اداکارہ شو کی میزبانی کریں گی—فائل فوٹو

کمیل ننجیانی اب تک متعدد امریکی فلموں، ٹی وی سیریلز، ویڈیو گیمز اور ویب سائٹ سیریز میں کام کر چکے ہیں، انہیں سب سے زیادہ شہرت ایچ بی او ٹی وی کے کامیڈی سیریل ڈرامہ سے ملی۔

کمیل ننجیانی نے رواں برس امریکا کا کامیڈی اسٹار آف دی ایئر ایوارڈ بھی جیتا تھا، انہیں یہ ایوارڈ ان کی رواں برس آنے والی اپنی بائیوگرافی فلم ’دی بگ سِک‘ پر دیا گیا۔

’دی بگ سک‘ کی کہانی کمیل ننجیانی کی پاکستانی پس منظر کی زندگی اور امریکی اہلیہ کے ارد گرد گھومتی ہے۔

کمیل ننجیانی نے این بی سی کے شو کی میزبانی کی خبر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی۔

کمیل ننجیانی ’سیٹرڈے نائٹ لائیو‘ شو کی میزبانی آئندہ ماہ 14 اکتوبر کو کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: گال گدوت کا نیا ریکارڈ

خیال رہے کہ این بی سی کے اس شو کی میزبانی مختلف اداکار، ٹی وی سلیبرٹی، گلوکار اور شوبز سے وابستہ دیگر شخصیات کرتی رہتی ہیں۔

رواں ماہ 30 ستمبر کو اسی شو کی نشر ہونے والی قسط کی میزبانی ریان گوسلنگ کریں گے۔

کمیل ننجیانی کی قسط سے پہلے اسی شو کی میزبانی اسرائیلی اداکارہ گال گدوت کریں گی۔

گال گدوت کی میزبانی میں ’سیٹرڈے نائٹ لائیو‘ شو 7 اکتوبر کو نشر کیا جائے گا۔

Read Comments