Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 ستمبر 2017 04:53pm

وزیر داخلہ کا داعش کے پرچم لہرائے جانے کا نوٹس

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی کالعدم تنظیم داعش کا جھنڈا لگائے جانے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں جبکہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کرلی۔

اسلام آباد میں تھانہ کھنہ کے علاقہ میں نامعلوم شخص نے عالمی کالعدم تنظیم داعش کا جھنڈا لہرا دیا۔

جس کی اطلاع پولیس کو ایک عام شہری کی جانب سے دی گئی اور پھر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، پولیس نے موقع پر پہنچ کر جھنڈا اتارا اور اطلاع دینے والے شخص کو ہی اپنے ساتھ لے گئی۔

اطلاع دینے والے نوید احمد خان، جو ڈیرہ اسماعیل خان کا رہائشی بتایا گیا ہے، نے اپنے بیان میں پولیس کو بتایا کہ میں اپنے ذاتی کام سے سکستھ روڈ جارہا تھا تو اسے جھنڈا دیکھائی دیا جبکہ اس نے اسی طرح کا جھنڈا ٹی وی پر دیکھا تھا اور وہ داعش کے جھنڈے سے متعلق جانتا تھا۔

نوید احمد خان نے بتایا کہ داعش کے جھنڈے کو دیکھنے کے بعد اس نے پولیس کو 15 پر کال کرکے اطلاع دی۔

بعد ازاں وزیر داخلہ احسن اقبال نے دارالحکومت اسلام آباد میں داعش کا جھنڈا آویزاں ہونے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

پولیس کے مطابق کالعدم تنظیم کا جھنڈا اسلام آباد میں ایکسپریس ہائی وے پل کے قریب سکستھ روڈ پر لگایا گیا تھا، جسے بعد ازاں اتار دیا گیا۔

خیال رہے کہ ماضی میں دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے متعدد شہروں میں داعش سے متعلق وال چاکنگ ہوتی رہی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے متعدد کارروائیوں میں داعش کے جنگجوؤں کو گرفتار یا ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔

تاہم سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے متعدد مرتبہ یہ اعلان کیا تھا کہ داعش، پاکستان میں موجود نہیں تاہم کچھ مقامی کالعد تنظمیں داعش کا نام استعمال کرکے ملک میں کارروائیاں کررہی ہیں۔

Read Comments