آخر ان تصاویر میں ایسا کیا ہے؟
چند ماہ قبل ہی ہم نے آپ کو اُس دلچسپ فوٹو پراجیکٹ سے متعارف کروایا تھا، جس میں ایک ماں اور دو بیٹیاں ایک جیسے ملبوسات میں تصاویر کھنچواتی ہیں۔
برطانیہ سے تعلق رکھنے والی ڈومینک ڈیوس اور ان کی بیٹیاں 11 سالہ ایمیلیا اور 4 سالہ پینی اب تک لاکھوں انسٹاگرام صارفین کا دل جیتنے میں کامیاب ہوچکی ہیں بلکہ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ دنیا بھر میں شہرت حاصل کرچکی ہیں۔
پہلے والی تصاویر اس لنک پر دیکھیں : یہ ماں بیٹیاں چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دیں گی
ڈومینک کے مطابق ان کا یہ پراجیکٹ ایک اتفاق سے شروع ہوا، انہوں نے بتایا، 'گزشتہ سال جون میں ایک صبح میں نے اور پینی نے بلاارادہ ایک جیسے لباس نکال کر پہنے اور پھر ایمیلیا اٹھ کر آئی تو اس نے بھی ویسا ہی لباس پہن رکھا تھا، ہم ایک دوسرے کو دیکھ کر ہنسے اور اس وقت مجھے خیال آیا ہے کہ ہم اس مذاق کو ہر ایک کے ساتھ شیئر کرتے ہیں'۔
ان کی پہلی ہی تصویر کو ہزاروں افراد نے لائیک کیا اور اس کامیابی کو دیکھ کر ڈومینک نے ایک اور تصویر پوسٹ کی، جس پر بھی مثبت ردعمل سامنے آیا اور انہوں نے ہر ہفتے اس طرح کی تصاویر پوسٹ کرنا اپنا معمول بنالیا۔
ڈومینک کے مطابق ' یہ تصاویر میرے لیے بہت خاص بن چکی ہیں، جن سے ہمیں یہ جاننے کا موقع ملتا ہے کہ ہم ہر ہفتے کیا کچھ کرتے رہے'۔