Dawn News Television

اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2017 09:10am

کراچی دنیا کا سب سے ’غیر محفوظ‘ شہر ہے، رپورٹ

حالیہ رپورٹ میں کراچی کو دنیا کا سب سے ’غیر محفوظ‘ شہر قرار دے دیا گیا۔

یہ رپورٹ ’اکنانومسٹ گروپ‘ کا ریسرچ اینڈ انالیسز ڈویژن ’اکنانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو)‘ نے جاری کی۔

یہ رپورٹ انڈیکس کی دوسری آئٹریشن کی بنیاد پر ترتیب دی گئی، جس میں دنیا کے 60 شہروں کو ڈجیٹل سیکیورٹی، ہیلتھ سیکیورٹی، انفراسٹرکچر سیکیورٹی اور ذاتی سیکیورٹی سمیت 49 پیمانوں پر پرکھا گیا۔

ایشیا، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کو اس انڈیکس میں نچلی سطح پر پایا گیا، کیونکہ ڈھاکہ، ینگون اور کراچی اس فہرست کے سب سے غیر محفوظ شہروں میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’عالمی مسابقت کی درجہ بندی میں پاکستان کی پوزیشن بہتر‘

مجموعی انڈیکس کے 10 سب سے ’غیر محفوظ‘ شہروں میں تین جنوب مشرقی ایشیا (منیلا، ہوچی مِنھ سٹی اور جکارتہ)، دو جنوبی ایشیا (ڈھاکہ اور کراچی) جبکہ دو مشرق وسطیٰ اور افریقہ (قاہرہ اور تہران) کے شہر شامل ہیں۔

کراچی ان 60 شہروں کی فہرست میں 38.77 پوائنٹس کے ساتھ سب سے نچلی سطح پر موجود ہے، کراچی کو اس فہرست میں رواں سال شامل کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ’اگرچہ تمام پیمانوں میں کراچی کو بدترین پایا گیا لیکن بڑتی تعداد میں خطرناک دہشت گرد حملوں کے باعث ذاتی سیکیورٹی کے حوالے سے یہ انتہائی نچلی سطح پر ہے۔‘

مزید پڑھیں: رہائش کیلئے ’کراچی‘ دنیا کے بدترین شہروں میں شامل

ڈجیٹل سیکیورٹی کے حوالے سے کراچی کا نمبر 43.22 پوائنٹس کے ساتھ 54واں رہا، جبکہ کم آمدنی والے شہر کے طور پر پہچانے جانے والے کراچی کا ’ہیلتھ سیکیورٹی‘ کی کٹیگری میں بھی 39.92 پوائنٹس کے ساتھ سب سے آخری (60واں) نمبر رہا۔

انفراسٹرکچر سیکیورٹی کے لحاظ سے کراچی 40.11 پوائنٹس کے ساتھ اس کٹیگری میں سب سے بدترین شہر ڈھاکہ سے صرف ایک درجے اوپر یعنی 59ویں پوزیشن پر رہا۔

اس کے علاوہ کم آمدن شہروں کی کٹیگری میں ممبئی، دہلی، منیلا، ینگون، کراچی اور ڈھاکہ 10 نچلے ترین شہروں میں شامل ہیں۔

قدرتی آفات کے باعث ہونے والی اموات کی کٹیگری میں کراچی سے صرف پانچ شہر اوپر ہیں اور کراچی میں سالانہ ہر 10 لاکھ میں سے 4 سے زائد افراد قدرتی آفات کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

دہشت گرد حملوں کے باعث کراچی میں سالانہ 500 سے زائد افراد جاں بحق و زخمی ہوتے ہیں، اس لیے ’ذاتی سیکیورٹی‘ کی کٹیگری میں بھی کراچی کا نمبر سب سے آخری ہے۔

Read Comments