Dawn News Television

شائع 19 اکتوبر 2017 05:58pm

نوکیا نے چپکے سے نیا اسمارٹ فون پیش کردیا

نوکیا نے خاموشی سے اپنا ایک اور اسمارٹ فون متعارف کرا دیا ہے۔

رواں سال یہ کمپنی نوکیا تھری، فائیو، سکس اور فلیگ شپ ڈیوائس 8 متعارف کراچکی تھی مگر اب اس نے نوکیا 7 بھی پیش کردیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فون میں فلیگ شپ ڈیوائس نوکیا 8 کی طرح ڈوئل کیمرے اور بوتھی کیمرہ سافٹ ویئر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں : نوکیا کا پہلا فلیگ شپ اینڈرائیڈ فون

اس فیچر کے تحت فرنٹ اور بیک کیمروں کو ایک ساتھ متحرک کرکے تصویر یا ویڈیو لی جاسکتی ہے، جبکہ ویڈیو کو فیس بک یا یوٹیوب پر لائیو نشر بھی کیا جاسکتا ہے۔

فوٹو بشکریہ ایچ ایم ڈی گلوبل

5.2 انچ کے نوکیا سیون میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 630 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ 4 جی بی ریم کے ساتھ 3000 ایم اے ایچ بیٹری ہے۔

اسی طرح 64 جی بی اسٹوریج ہے جس میں ایس ڈی کارڈ کے ذریعے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے جبکہ یہ فون سکس جی بی ریم اور 128 اسٹوریج کے آپشن کے ساتھ بھی دستیاب ہوگا۔

اس کے بیک پر ایک سولہ میگا پکسل جبکہ دوسرا پانچ میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نوکیا 3310 کی واپسی

اس کے فرنٹ پر پانچ میگا پکسل کیمرہ ہے اور نوکیا 8 کے اہم ترین فیچر کا حامل ہونے کے باوجود یہ قیمت میں اس سے 50 فیصد سستا ہے۔

فوٹو بشکریہ ایچ ایم ڈی گلوبل

اس فون کو چین میں متعارف کرایا گیا جہاں یہ چوبیس اکتوبر سے 2499 یوآن (لگ بھگ چالیس ہزار پاکستانی روپے) میں دستیاب ہوگا جبکہ نوکیا 8 کی قیمت 705 ڈالرز (75 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی تھی۔

دیگر ممالک میں یہ کب تک پیش کیا جائے گا، اس کے بارے میں کمپنی نے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا۔

Read Comments