Dawn News Television

شائع 07 نومبر 2017 07:25pm

دانش اور عائزہ کے ہاں بیٹے کی پیدائش

پاکستان کے رومانٹک خوبرو جوڑے دانش تیمور اور عائزہ خان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ جوڑے کے ہاں یہ دوسرے بچے کی پیدائش ہے، اس سے قبل ان کے ہاں 2015 میں بیٹٰی کی پیدائش ہوئی تھی۔

ٹی وی ڈراموں کے اداکار دانش تیمور و ماڈل و اداکارہ عائزہ خان نے 2014 میں شادی کی تھی، ان دونوں کی جوڑی اور محبت کے میڈیا میں چرچے رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دانش اور عائزہ کی 'تیری میری لو اسٹوری'

دانش تیمور اور عائزہ خان متعدد ڈراموں سمیت دیگر منصوبوں میں ایک ساتھ ماڈلنگ اور اداکاری کے جوہر بھی دکھا چکے ہیں، اسکرین پر بھی ان کی جوڑی کو سراہا جاتا ہے۔

رواں برس جولائی میں ان کی بڑی بیٹی کی دوسری سالگرہ منائی گئی تھی، اس موقع پر جوڑے نے اپنی بیٹی کے ساتھ کھینچی گئی تصویر بھی انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔

مزید پڑھیں: عائزہ خان اور دانش تیمور کی شادی

اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش کا اعلان اداکار دانش تیمور نے سوشل میڈیا پر کیا، تاہم انہوں نے بیٹے کی تصویر شیئر نہیں کی، جس پر ان کے مداحوں کو تھوڑی مایوسی بھی ہوئی۔

دانش تیمور نے انسٹاگرام پر اپنی اہلیہ کے ساتھ پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا، اور اپنے مداحوں کو خوشخبری دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

Read Comments