Dawn News Television

شائع 14 نومبر 2017 12:07am

چینی جوڑے کی پاکستانی روایات کے مطابق شادی

حال ہی میں شادی کرنے والے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے عملے میں شامل چینی جوڑے کی صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بٹ گرام کے علاقے کوزا بندہ میں پاکستانی پختون روایات کے مطابق شادی کی تقریب منعقد کی گئی۔

خیال رہے کہ چینی جوڑا شادی کرنے کے لیے چین گیا تھا، جہاں سے واپسی کے بعد 13 نومبر کو پاکستانی روایات کے مطابق ان کی شادی کی تقریب منعقد کی گئی۔

شادی کرنے والے جوڑے سین اور لین کے پاکستانی دوستوں نے کوزا بندہ میں ان کی شادی کی تقریب منعقد کی۔

چین سے واپسی پر تقریب منعقد کی گئی—فوٹو: لکھاری

یہ ویڈیو دیکھیں: چینی لڑکی کی پاکستانی لڑکے سے شادی

تقریب کے موقع پر دلہن لین نے روایتی سرخ جوڑا پہنا، جب کہ انہوں نے پاکستانی طریقے سے زیورات سجانے سمیت ہاتھ اور پاؤں پر مہندی بھی سجائی۔

ان کے دولہے سین نے سفید شیروانی پہنی۔

دلہن نے سرخ جوڑا پہنا—فوٹو: لکھاری

ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے دولہے میاں سین نے شاندار تقریب منعقد کرنے پر پاکستانی دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے یادگار قرار دیا۔

مزید پڑھیں: 'چین کی مہنگی دلہنیں اور پریشان لڑکے'

انہوں نے کہا کہ ان کے کوزا بندہ کے دوستوں نے انہیں تجویز دی کہ ان کی شادی کی تقریب پختون روایات کے مطابق ہونی چاہیے، اور انہوں نے ہی اس تقریب کو منعقد کرنے میں مدد فراہم کی۔

واضح رہے کہ شادی کرنے والے میاں بیوی گزشتہ 6 ماہ سے سی پیک کے تحت کوزا بندہ میں ہونے والی تعمیرات میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

دولہا شیروانی میں خوش نظر آئے—فوٹو: لکھاری

Read Comments