Dawn News Television

اپ ڈیٹ 14 نومبر 2017 02:08pm

کیا سنسر بورڈ نے ’ورنہ‘ کی ریلیز پر پابندی لگادی؟

پاکستانی ہدایت کار شعیب منصور کی فلم ’ورنہ‘ رواں ماہ 17 تاریخ کو ریلیز کے لیے تیار ہے، تاہم اب ایسی خبریں سامنے آرہی ہیں کہ سینٹرل بورڈ آف فلم سنسرز (سی بی ایف سی) نے اس فلم کی نمائش پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تاہم سینٹرل بورڈ کے چیئرمین مبشر حسن نے فلم کی نمائش پر ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ابھی اس حوالے سے کچھ فیصلہ نہیں کیا گیا‘۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں قائم سی بی ایف سی ملک بھر میں فلموں کی اسکریننگز کے حوالے سے فیصلہ کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: خواتین کو ہراساں کرنا، ماہرہ نے بتائے 3 اہم سچ

فلم پر پابندی کی خبروں کے بعد شائقین نے سوشل میڈیا پر اپنی مایوسی اور غصے کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’پہلے رئیس اور اب ورنہ؟ سی بی ایف سی کو تھوڑا سمجھدار ہونا چاہیے اور اس پابندی کو فوری ہٹانا چاہیے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’سی بی ایف سی کو شرم آنی چاہیے، وہ ایک ایسی فلم کی نمائش نہیں کرسکتے جس میں خواتین کے مسائل پر بات کی جارہی ہو؟‘

انہوں نے کہا کہ ’ایسا سننے میں آیا ہے کہ سی بی ایف سی نے ورنہ پر پابندی عائد کردی، ویسے ہی ہاکستان میں بہت زیادہ فلمیں نہیں بنائی جارہی، اور سنسر بورڈ عید کے بعد ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم پر پابندی عائد کررہا ہے جس میں پاکستانی اسٹار نے کام کیا ہے‘۔

خیال رہے کہ ’خدا کے لیے‘ اور ’بول‘ کے بعد ’ورنہ‘ شعیب منصور کی تیسری فیچر فلم ہے، اس فلم کی کہانی ایک ایسی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو اپنے ساتھ ہوئے ریپ کا بدلہ لے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کیا آپ نے ماہرہ کی فلم ’ورنہ‘ کا ٹریلر دیکھ لیا؟

اس فلم میں ماہرہ خان اور ہارون شاہد مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

فلم ’ورنہ’ اس جمعہ کو ریلیز ہوگی۔

Read Comments