Dawn News Television

شائع 24 نومبر 2017 01:03am

فیصل آباد کی سنسنی خیز مقابلے کے بعد سیمی فائنل میں رسائی

راولپنڈی: قومی ٹی20 کرکٹ کپ میں فیصل آباد ریجن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا جبکہ شکست کے بعد پشاور کی ٹیم ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔

جمعرات کو کھیلے گئے ایونٹ کے 26 ویں میچ میں پشاور کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 19.5 اوورز میں 139 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، کپتان رفعت اللہ محمند 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

دیگر بلے بازوں میں اسرارللہ صفر، کامران غلام 5، بسم اللہ خان 3 عبیداللہ 29، مصدق احمد 9، محمد عمران 18، سہیل خان 13، کاشف بھٹی 14 اور وقاص مقصود 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تاج ولی نے تین، عمران خالد اور سعید اجمل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں فیصل آباد کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر پانچ وکٹوں پر حاصل کیا، عمران خالد نے آخری گیند پر شاندار چھکا لگا کر پشاور کے منہ سے فتح کا نوالہ چھین لیا۔

عمران 11 اور فہیم اشرف 17 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ مین آف دی میچ صاحبزادہ فرحان 47، گوہر علی 30، صعیب مقصود 9، آصف علی 19 اور خرم شہزاد 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پشاور کی جانب سے سہیل خان نے دو جبکہ کاشف بھٹی اور کامران غلام نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Read Comments