Dawn News Television

شائع 04 دسمبر 2017 10:18pm

فیس بک نے بچوں کیلئے میسنجر ایپ متعارف کرادی

فیس بک نے پہلی بار تیرہ سال سے کم عمر بچوں کے لیے اپنے دروازے کھول دیئے ہیں اور اس مقصد کے لیے ایک نئی ایپ متعارف کرائی ہے۔

میسنجر کڈز نامی یہ ایپ فی الحال امریکا میں متعارف کرائی گئی ہے جو کہ آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے دستیاب ہوگی تاہم اسے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی پیش کیا جائے گا اور اسے دنیا بھر میں تیرہ سال سے کم عمر بچے استعمال کرسکیں گے۔

یہ نئی ایپ پرائیویسی پر مبنی ہے جس میں بچوں کے والدین اپلیکشن کو بچے کے فون یا ٹیبلیٹ میں ڈاﺅن لوڈ کرکے ان کے لیے پروفائل بنائیں گے، دوستوں کی منظوری دیں گے۔

مزید پڑھیں : فیس بک میسنجر کا 'لائٹ' ورژن متعارف

اس ایپ کے ذریعے بچے اپنے دوستوں اور رشتے داروں سے ٹیکسٹ اور ویڈیو چیٹ مین میسنجر ایپ کی مدد سے کرسکیں گے۔

فوٹو بشکریہ فیس بک

ان بچوں کو اس کے لیے فیس بک پر سائن ان ہونے یا فون نمبر کی ضرورت نہیں ہوگی۔

یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ اب بچے کم عمری سے ہی ٹیکنالوجی ڈیوائسز استعمال کرنے کے عادی ہوتے ہیں، تاہم اب تک تیرہ سال سے کم عمر بچوں کو فیس بک اکاﺅنٹ بنانے کی اجازت نہیں تھی۔

اور اس نئی ایپ میں بھی بچوں کے فیس بک اکاﺅنٹ نہیں بنیں گے کیونکہ والدین کے فیس بک اکاﺅنٹ سے ہی میسنجر کڈز اکاﺅنٹ کو بنایا جائے گا۔

فیس بک کے مطابق جب اس ایپ کو ڈاﺅن لوڈ کیا جائے گا تو سب سے پہلے آپ کو اپنے فیس بک اکاﺅنٹ کو اتھارٹی دینا ہوگی جس کے بعد بچوں کے پہلے اور آخری نام سے ایک اکاﺅنٹ تیار کرنا ہوگا، جنھیں پبلک سرچ میں تلاش نہیں کیا جاسکے گا جبکہ یہ ایپ اشتہارات سے بھی پاک ہوگی۔

والدین ہی بچوں کے اس اکاﺅنٹ میں کانٹیکٹس کا اضافہ کرسکیں گے اور رشتے دار اپنے میسنجر اکاﺅنٹ سے ان بچوں سے رابطہ کرکے بات چیت کرسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : فیس بک میسنجر کے 8 ' خفیہ فیچر'

اور اگر وہ اپنے کسی دوست کو ایڈ کرنا چاہیں گے تو یہ اسی وقت ممکن ہوگا جب والدین دوست کے والدین کے فیس بک فرینڈ ہوں۔

فوٹو بشکریہ فیس بک

اسی طرح والدین جب دل چاہے بچوں کے کانٹیکٹس کو دیلیٹ کرسکتے ہیں، جبکہ بچے بھی کسی کو بلاک کرسکتے ہیں جس کا نوٹیفکیشن والدین کو موصول ہوگا۔

یہاں تک کہ فیس بک نے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ کسی اکاﺅنٹ کو خطرناک تصور کرے گی تو اس پر بھی وہ فوری پابندی لگائے گی۔

Read Comments