کھیل

گیل کی تباہ کن سنچری، کھلنا ٹائٹنز بی پی ایل سے باہر

کرس گیل کی 126 رنز کی طوفانی اننگز کی بدولت رنگپور رائیڈرز نے کھلنا ٹائٹنز کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ڈھاکا: کرس گیل کی 126 رنز کی طوفانی اننگز کی بدولت رنگپور رائیڈرز نے کھلنا ٹائٹنز کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر بنگلہ دیش پریمیئر لیگ(بی پی ایل) کوالیفائر ٹو کیلئے کوالیفائی کر لیا جبکہ شکست کے بعد کھلنا ٹائٹنز ایونٹ سے باہر ہو گئی۔

جمعے کو کھیلے گئے بی پی ایل میں ایلیمنیٹر میچ میں کھلنا ٹائٹنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، عارف الحق 29 رنز بنا کر نمایاں رہے، نکولس پوران 28، کلنگر 21 اور کپتان محموداللہ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کارلوس بریتھویٹ 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

رنگپور کی جانب سے لاستھ مالنگا نے 2 جبکہ سوہاگ غازی، نظم الاسلام، روبیل حسین اور بوپارا نے ایک، ایک وکٹ لی۔

جواب میں رنگپور رائیڈرز نے مطلوبہ ہدف 16 ویں اوور کی دوسری گیند پر صرف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا جس کے ذمے دار عالمی شہرت یافتہ کرس گیل تھے جنہوں نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی سب سے بڑی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

انہوں نے 51 گیندوں پر 14 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 126 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا جبکہ محمد متھن 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی رنگپور نے کوالیفائر ٹو کیلئے کوالیفائی کر لیا جبکہ شکست کے بعد کھلنا ٹائٹنز بنگلہ دیش پریمیئر لیگ سے باہر ہو گئی۔

گیل کو عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔