Dawn News Television

شائع 10 دسمبر 2017 10:19pm

بدترین کارکردگی کے بعد کئی منفی ریکارڈ بھارت کے نام

سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں بدترین بیٹنگ کارکردگی کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم نے کئی بدترین ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔

دھرم شالا میں سری لنکا اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں مہندرا سنگھ دھونی کی 65 رنز کی اننگز کے باوجود بھارتی بیٹنگ لائن 112 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

یہ بھارتی ٹیم کا ہوم گراؤنڈ پر تیسرا کم ترین اسکور جبکہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہوم گراؤنڈ پر سب سے کم اسکور ہے۔ بھارت کا ون ڈے میں سب سے کم اسکور 78 رنز ہے جب وہ 1986 میں سری لنکا ہی کے خلاف بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی تھی۔

جب سری لنکا نے ہدف حاصل کیا تو ان کی اننگز میں 176 گیندیں باقی تھیں اور بقیہ گیندوں کے حساب سے یہ بھارت کی تیسری بدترین شکست ہے اور اتفاق سے بھارت کو یہ تینوں شکستیں سری لنکا کے ہی ہاتھوں ہوئیں۔

سری لنکا نے اس فتح کے ساتھ شکستوں کے تسلسل کو بھی توڑ دیا، اس میچ سے قبل سری لنکا کو بھارت اور پاکستان کے ہاتھوں کلین سوئپ شکستوں سمیت مسلسل 12 میچوں میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

بھارت کی انگز کے دوران کل 13 میڈن اوورز پھینکے گئے جو کہ بھارت کے خلاف کسی بھی ون ڈے میچ کی ایک اننگز میں زیادہ میڈن اوورز کا ایک نیا ریکارڈ ہے جبکہ گزشتہ 10 سال میں کسی بھی ون ڈے میچ کی ایک اننگز میں اتنے میڈن اوورز نہیں کرائے گئے۔

اس سے قبل بھارت کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ 12 میڈن اوورز 1975 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور 1981 میں نیوزی لینڈ نے کرائے تھے۔

بھارت کی ٹیم کے پانچ کھلاڑی صرف 16 رنز پر پویلین لوٹ گئے اور یہ بھارتی کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع تھا کہ بھارتی ٹیم اتنے کم رنز پر آدھی ٹیم سے محروم ہوئی ہو، اس سے قبل 1983 کے ورلڈ کپ میں زمبابوے کے خلاف 17 رنز پر آدھی بھارتی ٹیم آؤٹ ہو گئی تھی۔

میچ میں بھارت کے ابتدائی پانچ بلے باز صرف 13 رنز ہی بنا سکے جو بھارتی کرکٹ کی ون ڈے تاریخ میں ٹاپ آرڈر بلے بازوں کا کم ترین اسکور ہے، اس سے قبل 1983 میں زمبابوے اور 2012 میں بھارتی ٹاپ آرڈر بدترین ناکامی سے دوچار ہوا تھا۔

بھارتی بلے باز دنیش کارتھک 18 گیندیں کھیلنے کے بعد صفر پر آؤٹ ہوئے اور اس طرح وہ ون ڈے کرکٹ میں بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ گیندیں کھیل کر صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہیں۔

Read Comments