پاکستان

اقامہ پر نکالےہوئے نوازشریف نے مخالفین کی نیندیں حرام کردیں،مریم نواز

کیسی نااہلی ہے کہ اقامہ پر نکالے ہوئے نواز شریف کا ذکر کیے بغیرکوئی جلسہ،کوئی اجلاس مکمل نہیں ہوتا،مریم نواز

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے حکومت کے خلاف سیاسی اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کیسی نااہلی ہے کہ اقامہ پر نکالے ہوئے نواز شریف نے مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔

لاہور کے حلقہ این اے 120 میں سنت نگر کے رہائشیوں کو لیز کے کاغذات تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سنت نگر کے شہریوں کو مالکانہ حقوق 1990کی دہائی میں دیے گئے تھے لیکن 2005 میں ایک آمر نے اس کو چھین لیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے خصوصی دلچسپی لے کر حلقہ این اے 120 کے الیکشن میں کیے ہوئے اپنے وعدے کو پورا کر دیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ کیسی نااہلی ہے کہ اقامہ پر نکالے ہوئے نواز شریف نے مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں، کوئی جلسہ، کوئی اجلاس نواز شریف کا نام لیے بغیر مکمل نہیں ہوتا، پورے ملک کی سیاست نواز شریف کے گرد گھوم رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ مخالفین جو ایک دوسرے کا چہرہ دیکھنے کے روادار نہیں تھے وہ آج نواز شریف کی مخالفت میں اکٹھے ہو گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مخالفین کی سازشوں سے نواز شریف پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئے ہیں، عدالتوں میں ہمارے خلاف گواہوں کو اپنی گواہی کا پتہ نہیں ہوتا کہ وہ کیا گواہی دینے آئے ہیں۔

مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس کا ہاتھ دوسروں کی اے ٹی ایم اور زکوۃ پر ہو، تمام اخراجات کے پی کی حکومت برداشت کر رہی ہو، جنھوں نے اپنی آف شور کمپنی سے لندن فلیٹ اور بنی گالہ کی جائیدادیں بنائیں ہوں اور منتخب حکومت پر دھاندلی کے الزامات لگائے ہوں، وہ صادق اور امین کیسے ہوسکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان گزشتہ 4برسوں سے رو رہے ہیں اور روتے رہیں گے جبکہ نواز شریف اس نااہلی سے مضبوط ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے 2013 میں جو وعدے کیے تھے وہ پورے کر دیے اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا اور لوڈشیڈنگ اور توانائی کے بحران پر قابو پانے کے علاوہ ملک کی ڈوبتی ہوئی معیشت کو سہارا دیا اور سی۔پیک جیسے منصوبے کاآغاز کیا اور مشکلات اور مسائل کے باوجود ترقی کے منصوبے مکمل کیے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مخالفین گھبراہٹ میں کبھی مذہب، کبھی دھرنوں، کبھی عدالتوں کے پیچھے چھپتے ہیں جبکہ نواز شریف عوام کی خدمت کے عزم کو زندہ کیے ہوئے ہیں۔

نواز شریف کی عدلیہ بحالی تحریک پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے ماضی میں عدلیہ کو بحال کرایا تھا اور اب وہ ملک میں عدل کو بحال کرائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ 2018 میں مسلم لیگ (ن) الیکشن جیتے گی، شیر دھاڑے گا اور نواز شریف کی نااہلی کے بعد ترقی کا جو سفر رکا ہے وہ دوبارہ شروع ہوجائے گا۔

بعدازاں مریم نواز نے شہریوں میں لیز کے کاغذات تقسیم کیے۔