Dawn News Television

شائع 02 جنوری 2018 06:21pm

آئی سی سی نے میلبرن کی وکٹ کو ناقص قرار دے دیا

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میلبرن میں کھیلے گئے چوتھے ایشز ٹیسٹ کی وکٹ کو ناقص قرار دیتے ہوئے 14 روز میں کرکٹ آسٹریلیا سے جواب طلب کر لیا۔

میلبرن میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ کھیلا گیا تھا جو ڈرا پر منتج ہوا اور پانچ دنوں میں صرف 24 وکٹیں گری تھیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں آسٹریلیا اور انگلینڈ ویمنز ٹیموں کے درمیان میلبرن میں کھیلے گئے ایشز ٹیسٹ میں بھی وکٹ کے معیار پر سوالات اٹھے تھے تاہم اس وقت آئی سی سی نے کوئی نہیں لیا تھا۔

لیکن بلے بازوں کیلئے جنت قرار دی گئی اس بے جان وکٹ پر آئی سی سی حکام حرکت میں آ گئے اور یہ پہلا موقع ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے آسٹریلیا کے کسی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کی وکٹ کو ناقص قرار دیا گیا ہے۔

آئی سی سی میچ ریفری رنجن مدوگالے نے آئی سی سی کو رپورٹ جمع کرائی تھی جس میں انہوں نے وکٹ کے معیار پر تشویش کا اظہار کیا تھا جس کے بعد آئی سی سی نے پچ اینڈ آؤٹ فیلڈ مانیٹرنگ پراسیس کے تحت میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کی وکٹ کو ناقص قرار دے دیا۔

مذکورہ رپورٹ کرکٹ آسٹریلیا کو بھجوا دی گئی ہے جو 14 روز میں آئی سی سی کو جواب جمع کرائے گا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا اور انگلش ٹیموں کے کپتانوں اسٹیون سمتھ اور جوروٹ نے بھی میلبرن کی وکٹ پر تنقید کی تھی۔

Read Comments