Dawn News Television

شائع 14 جنوری 2018 05:07pm

فوج کے نام پر شہریوں سے ذاتی معلومات حاصل کیے جانے کا انکشاف

پاک فوج نے ان رپورٹس کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ملک کے عسکری ادارے کی جانب سے شہریوں کو مبینہ طور پر ذاتی نوعیت کی معلومات کے حصول کے لیے فون کلالز کی جارہی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک جاری پیغام میں ایسی رپورٹس کو جعلی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ خود کو پاک فوج کا نمائندہ بتانے والا شخص شہریوں کو فون کر کے مردم شماری کے حوالے سے ان سے ذاتی نوعیت کی معلومات حاصل کررہا ہے، جس میں شہریوں کے شناختی کارڈ نمبرز اور بینک اکاونٹس وغیرہ کی معلومات شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے اپنے پیغام میں عوام کو خبردار کیا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے کسی کو بھی اس قسم کی فون کالز نہیں کی جارہیں۔

عوامی آگاہی کے لیے جاری بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شہری ایسی فون کالز پر اپنی معلومات فراہم نہ کریں اور اس قسم کی فون کالز کے حوالے سے فوری طور پر فوج کے ہیلپ لائن نمبر 1125 پر اطلاع دیں۔

Read Comments