Dawn News Television

شائع 26 جنوری 2018 06:47pm

صبا قمر کی فلم ’ہندی میڈیم‘ کا سیکوئل بنے گا

گزشتہ برس ریلیز ہونے والی پاکستانی اداکارہ صبا قمر کی پہلی بولی وڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ کا سیکوئل بنانے کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔

خیال رہے کہ ’ہندی میڈیم‘ کو مئی 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا، اگرچہ فلم 100 کروڑ کلب میں شامل نہیں ہوئی تھی، تاہم فلم نے اچھی کمائی کرنے سمیت ناقدین کے اچھے تبصرے بھی حاصل کیے تھے۔

فلم میں صبا قمر کے ساتھ مرکزی کردار عرفان خان نے نبھایا تھا، اس فلم کو گزشتہ ہفتے ہونے والے بولی وڈ فلم فیئر ایوارڈز میں متعدد کیٹیگریوں میں نامزد کیا گیا تھا۔

صبا قمر کو ہندی میڈیم میں شاندار اداکاری کرنے پر بہترین اداکارہ کی کیٹیگری میں بھی نامزد کیا گیا، تاہم وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔

تاہم عرفان خان نے ’ہندی میڈیم‘ میں اداکاری دکھانے پر بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: صبا قمر بہترین اداکارہ کے لیے نامزد

اب فلم کی ٹیم نے کہا ہے کہ ’ہندی میڈٰیم 2‘ کا اسکرپٹ آخری مراحل میں ہے، جسے جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔

—اسکرین شاٹ

ٹائمز ناؤ کے مطابق ٹی سیریز کے بشن کمار اور میڈوک فلمز کے سربراہ دنیش وجن نے ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل سمیت متعدد فلموں کو مشترکہ طور پر ریلیز کرنے سے متعلق معاہدے پر دستخط کرلیے۔

دنیش وجن نے بتایا کہ انہوں نے ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل کا اسکرپٹ لکھنے کا کام 2017 سے ہی شروع کردیا تھا، اور حال ہی میں اسکرپٹ کا دوسرا حصہ بھی مکمل کرلیا گیا۔

مزید پڑھیں: ہندی میڈیم بہترین فلم قرار

انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے فلم کے سیکوئل کا اسکرپٹ مئی اور جون 2017 سے لکھنا شروع کیا، اور پہلے 7 ماہ میں اس کا پہلا حصہ مکمل کیا گیا۔

دنیش وجن نے یہ نہیں بتایا کہ فلم کے سیکوئل میں کن اداکاروں کو کاسٹ کیا جائے گا، اوراسے کب ریلیز کیا جائے گا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ سیکوئل کی کاسٹ کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کے سیکوئل میں ایک بار پھرعرفان خان اور صبا قمر کو ہی کاسٹ کیا جائے گا۔

امکان ظاہرکیا جا رہا ہے کہ فلم کو آئندہ برس کے آخر تک ریلیز کیا جائے گا۔

Read Comments