ویلکم ٹو نیو یارک میں راحت فتح کے ’اشتہار‘ کے چرچے
ویسے تو پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کے گانوں کی وجہ سے متعدد بولی وڈ فلمیں کامیاب ہوئی ہیں، تاہم اب آنے والی کامیڈین فلم ’ویلکم ٹو نیو یارک‘ میں شامل ان کے نئے گانے ’اشتہار‘ نے آتے ہی دھوم مچادی۔
’اشتہار‘ کے ٹائیٹل سے ریلیز کیے گئے گانے میں بھارتی گلوکارہ دھوانی بھنسالی بھی راحت فتح علی خان کا ساتھ دے رہی ہیں، اور اس گانے کو ابتدائی 2 دن میں 63 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
چرن جیت چرن کی شاعری کو موسیقار شمیر ٹنڈن نے کمپوز کیا ہے، جب کہ گلوکارہ دھوانی بھنسالی پہلی بار کسی بولی وڈ فلم کے لیے ایک بہت بڑے گلوکار کے ساتھ گلوکاری کر رہی ہیں۔
ممبئی مرر کے مطابق راحت فتح علی خان نے دھوانی بھنسالی کی آواز کی تعریف کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دوسری جانب دھوانی بھنسالی اس خوشی میں پھولے نہیں سما رہیں کہ وہ بولی وڈ گلوکاری کی شروعات ایک بہت بڑے فنکار کے ساتھ کرنے جا رہی ہیں، انہوں نے راحت فتح علی خان کے ساتھ ’اشتہار‘ میں گلوکاری کرنے کو اپنا اعزاز قرار دیا۔
کامیڈین فلم ’ویلکم ٹو نیو یارک‘ کے اس قدرے ’سنجیدہ‘ اور رومانٹک گانے نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی اور اسے اب تک 63 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔