Dawn News Television

شائع 15 فروری 2018 09:47pm

نوکیا سیون پلس اور نوکیا ون کی تصاویر لیک

مختلف کمپنیوں کے اسمارٹ فونز کی معتبر معلومات لیک کرنے والے ایون بلاس نے رواں ماہ متوقع نوکیا کے دو فونز نوکیا سیون پلس اور نوکیا 1 کی تصاویر لیک کی ہیں۔

یہ دونوں فونز بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جس میں سے نوکیا سیون پلس ایچ ایم ڈی گلوبل کی پہلی اینڈرائیڈ ون ڈیوائس ہوگی جبکہ نوکیا ون اس کمپنی کا اس وقت کا سستا ترین اسمارٹ فون ثابت ہوگا۔

نوکیا سیون پلس کی تصویر میں ایک سفید ڈیوائس کو دکھایا گیا ہے جس کے بٹن، کیمرہ اور اطراف کو نمایاں کیا گیا ہے جبکہ اس کے بیک پر اینڈرائیڈ ون کی مہر لگی ہوئی ہے جبکہ فنگر پرنٹ اسکینر کیمرہ کے نیچے ہے۔

مزید پڑھیں : نوکیا کا پہلا 'بیزل لیس' فون

مختلف رپورٹس کے مطابق نوکیا سیون پلس اسنیپ ڈراگون 660 پراسیسر، 18:9 ریشو ڈسپلے اور ڈوئل کیمرہ زیسس لینس دیا جائے گا۔

اسی طرح یہ بھی کہا جارہا ہے کہ یہ فون چار سے چھ جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج کے ساتھ ہوگا۔

ایون بلاس نے اس فون کی چاکلیٹ براﺅن رنگ کی ڈیوائس کی تصویر بھی پوسٹ کی۔

اسی طرح نوکیا ون سادہ ڈیزائن کا فون نظر آتا ہے جس کے فیچرز کچھ خاص نہیں ہوں گے۔

یہ اینڈرائیڈ گو پر چلے گا جو کہ 512 ایم بی سے 1 جی بی ریم والے انٹری لیول اسمارٹ فونز کے لیے گوگل کی جانب سے تیار کیا جانے والا پروگرام ہے۔

نوکیا ون کی قیمت دس ہزار روپے سے کم ہونے کا امکان ہے تاکہ ترقی پذیر ممالک میں اس کو زیادہ سے زیادہ فروخت کیا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں : نوکیا نے چپکے سے نیا اسمارٹ فون پیش کردیا

خیال رہے کہ گزشتہ سال کی آخری سہ ماہی میں فونز کی فروخت کے حوالے سے نوکیا کی ڈیوائسز نے ایچ ٹی سی، سونی، گوگل اور دیگر متعدد اینڈرائیڈ فونز بنانے والی کمپنیوں کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

Read Comments