پشاور زلمی کےمہمان بن کر شوکت خانم ہسپتال کے 13 بچے دبئی پہنچ گئے
دبئی: پشاور زلمی کی دعوت پر شوکت خانم کینسر ہسپتال میں زیرِ علاج سرطان کے مرض میں مبتلا 13 بچے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کو دیکھنے کے لیے دبئی پہنچ گئے۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ان مریض بچوں کو پی ایس ایل میچز دیکھنے لیے دبئی آنے کی دعوت دی تھی۔
جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی فاؤنڈیشن کے مِشن مسکراہٹیں لوٹانا (BringBackSmiles) کو آگے بڑھاتے ہوئے اس سال بھی شوکت خانم ہسپتال میں کینسر میں مبتلا بچوں کو کرکٹ دیکھنے کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) بلایا گیا ہے۔
چیئرمین پشاور زلمی کا مزید کہنا تھا کہ ان بچوں کی دبئی آمد ہمارے لیے اعزاز اور حوصلے میں اضافے کا باعث ہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ شوکت خانم کے بچے دبئی آمد کے بعد بچے ایئرپورٹ پر بے حد خوش دکھائی دئیے بچے، جو پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کے ساتھ ساتھ میچ بھی دیکھیں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ مریض بچوں کی پشاور زلمی کے اسٹار کرکٹرز سے ملاقات کرائی جائے گی جبکہ بچے دبئی کے مقامات کی سیر سے بھی لطف اندوز ہوں گے۔
کینسر کے مرض میں مبتلا بچوں کے ساتھ شوکت خانم ہسپتال پشاور کے انتظامی عملے کے 2 افراد بھی دبئی پہنچے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں جاوید آفریدی نے کہا کہ ’سرطان کے مرض میں مبتلا یہ بچے میرے دل کے بے حد نزدیک ہیں‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان بچوں کو اتنا ہی خوش رہنے کا حق ہے جتنا دوسرے بچوں کو حاصل ہے، لہٰذا پشاور زلمی ان بچوں کی مسکراہٹیں لوٹانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کے دوران پشاور زلمی نے آرمی پبلک اسکول پشاور کے طلبا اور دوسرے ایڈیشن میں شوکت خانم ہسپتال کے بچوں کو پی ایس ایل دیکھنے لیے متحدہ عرب امارات مدعو کیا تھا۔