Dawn News Television

شائع 26 فروری 2018 08:05pm

مہران سے بھی سستی اور بہتر گاڑی خریدنا پسند کریں گے؟

پاکستان میں اس وقت دستیاب سب سے سستی نئی گاڑی سوزوکی مہران ہے، جس کی قیمت لگ بھگ سات لاکھ روپے سے شروع ہوگی ہے مگر کیا آپ اس سے ڈیڑھ لاکھ روپے سستی گاڑی خریدنا پسند کریں گے؟

اگر ہاں تو اچھی خبر یہ ہے کہ بہت جلد گندھارا نسان لمیٹڈ کی جانب سے بجٹ کار کو متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

پرو پاکستانی کی ایک رپورٹ کے مطابق آٹھ سال کے تعطل کے بعد گندھارا نسان لمیٹڈ پاکستان میں اپنے آپریشنز کو دوبارہ شروع کرنے والی ہے اور اس کا آغاز ایک سستی بجٹ گاڑی ڈسٹن گو کو متعارف کراکے کیا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھیں : رینالٹ کا پاکستان میں گاڑیاں تیار کرنے کا معاہدہ

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ اور انجنیئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ساتھ گندھارا نسان کی بات چیت کے بعد سرمیہ کاری کے معاہدے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔

اس معاہدے کے تحت نسان کو قانونی طور پر کم لاگت میں گاڑیوں کے پارٹس درآمد کرنے کی اجازت ہوگی تاکہ کمپنی بجٹ دوست گاڑیاں تیار کرسکے جبکہ کمپنی کی جانب سے 200 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائے گی جس سے 2010 سے اس کمپنی کے پاکستان میں بند پلانٹ دوبارہ کام کرنے لگیں گے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کمپنی ابتدائی چار برسوں میں سرمایہ کاری کرکے ڈسٹن گاڑی کو پاکستان میں متعارف کرائے گی جس کے دنیا بھر میں کئی ورژن فروخت کیے جارہے ہیں مگر پاکستان میں گو ورژن کو متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

فوٹو بشکریہ نسان

1200 سی سی 1.2 لیٹر انجن کے ساتھ اس گاڑی میں یو ایس کنکٹیویٹی، ٹیوب لیس ٹائر، پانچ دروازے، خوبصورت ڈیزائن، تھری ڈی شیپ ہیڈ لائٹس، فرنٹ ڈرائیور ائیربیگ اور دیگر فیچرز نمایاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : کار انڈسٹری میں نئے کھلاڑیوں کی انٹری

اس گاڑی کی پاکستان میں متوقع قیمت 5 لاکھ 60 ہزار روپے ہوسکتی ہے کیونکہ دنیا بھر میں یہ اسی قیمت پر فروخت کی جارہی ہے۔

ویسے یہ قیمت حتمی تو نہیں مگر امکان اسی بات کا ہے کہ پاکستان میں دیگر کمپنیوں کو سخت ٹکر دینے کے لیے گندھارا نسان اسی قیمت پر گاڑی متعارف کراسکتی ہے تاکہ صارفین کی توجہ اپنی جانب کھینچی جاسکے۔

Read Comments