Dawn News Television

شائع 22 مارچ 2018 09:11pm

کراچی کنگز کے غیرملکی کھلاڑی وطن واپس روانہ

لاہور: لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے تیسرے پلے آف میں شکست کے بعد کراچی کنگز کے غیر ملکی کرکٹرز اپنے اپنے وطن روانہ ہوگئے اور انہوں نے پاکستان کو کھیلوں کے لیے محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے دوبارہ بھی یہاں کھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

لاہور سے اپنے وطن روانہ ہونے والے کراچی کنگز کے غیرملکی کھلاڑیوں میں سے 3 کھلاڑیوں روی بوپارہ، ٹائمل ملز اور جو ڈینلی کا تعلق برطانیہ اور چوتھے کھلاڑی کولن انگرام کا تعلق جنوبی افریقہ سے تھا۔

پاکستان سے وطن واپسی پر انگلش فاسٹ باؤلر ٹائمل ملز نے کہا کہ پاکستانی بہت مہمان نواز ہیں اور یہاں پر میرا بہت اچھا وقت گزارا، پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ لاہور آیا جہاں بہت زبر دست ماحول تھا اور اب اگلے سال دوبارہ پاکستان آؤں گا۔

ٹائمل ملز نے مزید کہا کہ لاہور میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات تھے اور ہمارا اچھا خیال رکھا گیا لیکن بدقسمتی ہے کہ ہم میچ نہیں جیت سکے۔

روی بوپارہ نے بھی پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پشاور زلمی کے خلاف قسمت نے ساتھ نہ دیا اور ہماری فائنل کھیلنے کی خواہش پوری نہ ہوسکی تاہم تماشائیوں نے زبردست ماحول بنادیا تھا۔

پشاور زلمی کے خلاف 79 رنز کی اننگز کھیلنے والے انگلش کرکٹر جو ڈینلی نے کہا کہ پاکستان میں بہت لطف اٹھایا اور یہاں گزارا گیا وقت بہت اچھا تھا اور ہمیشہ یاد رہے گا۔

اس موقع پر انہوں نے کراچی کنگز کی سپورٹ کرنے پر متحدہ عرب امارات اور خاص طور پر پاکستانی شائقین کا شکریہ ادا کیا اور فائنل کھیلنے والی ٹیموں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔

Read Comments