Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 مارچ 2018 05:19pm

خاتون کی فریاد پر چیف جسٹس کا چھٹی کے روز بھی عدالت لگانے کا فیصلہ

لاہور: چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ سے روانگی کے وقت گاڑی کے سامنے آنے والی خاتون کی فریاد سن لی اور چھٹی کے روز بھی عدالت لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

چیف جسٹس کا قافلہ جیسے ہی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری سے روانہ ہوا تو سیالکوٹ کی رہائشی خاتون صغراں بی بی نے چیف جسٹس کی گاڑی کے سامنے آکر اسے روکنے کی کوشش کی۔

خاتون کی جانب سے روکنے کی کوشش کرنے پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور جسٹس اعجاز الاحسن گاڑی سے اتر آئے اور ان کی فریاد سنی۔

اپنے بیٹے کے پولیس کے ہاتھوں مبینہ قتل پر احتجاج کرنے والی صغراں بی بی کا کہنا تھا کہ ’میں صبح سے عدالت کے باہر کھڑی ہوں لیکن آپ سے ملنے کی اجاز نہیں دی جارہی‘۔

خاتون نے کہا کہ ’مجھے صرف آپ سے انصاف کی توقع ہے‘ جس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ انصاف دینے والی صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔

بعدِ ازاں چیف جسٹس نے گاڈی روکنے والی خاتون کی فریاد سنی اور اتوار (25 مارچ) کی صبح 11 بجے عدالت لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے خاتون کو سپریم کورٹ طلب کرلیا۔

خیال رہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے آج سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اسٹریٹجک مینجمنٹ اینڈ انٹرنل رسپونس یونٹ میں ریٹائرڈ افسروں کی بھاری مراعات پر بھرتیوں کے خلاف کیس سمیت دیگر کیسز کی سماعت کی۔

Read Comments