کاروبار

ہونڈا کی ایک نئی ہائیبرڈ گاڑی متعارف

یہ ہائیبرڈ سیڈان سوک اور اکارڈ کے درمیان کہیں آتی ہے اور کمپنی کی جانب سے اسے ٹویوٹا Prius کے مقابلے پر لایا جارہا ہے۔

ہونڈا نے اپنی نئی گاڑی انسائیٹ کو کافی عرصے بعد نئی شکل میں متعارف کرا دیا ہے۔

یہ ہائیبرڈ سیڈان سوک اور اکارڈ کے درمیان کہیں آتی ہے اور کمپنی کی جانب سے اسے ٹویوٹا Prius کے مقابلے پر لایا جارہا ہے۔

ہونڈا نے انسائیٹ کی پروڈکشن کچھ سال پہلے ختم کردی تھی مگر اب اسے ٹویوٹا کی مقبول ہائیبرڈ گاڑی کو شکست دینے کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ ہونڈا

جاپانی کمپنی نے نیویارک آٹو شو کے موقع پر اسے متعارف کرایا۔

مزید پڑھیں : ہونڈا سوک 2018 کی آمد

کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر میں سفر کے دوران یہ نئی گاڑی 55 میل فی گیلن کا ایوریج دے گی۔

فوٹو بشکریہ ہونڈا

روایتی ایندھن سے ہٹ کر اس میں 60 سیل لیتھم اون بیٹری پیک بھی دیا جائے گا جو اسے بجلی پر چلنے میں مدد دے گا، تاہم زیادہ تیز رفتاری سے چلانے کے لیے پٹرول پر ہی انحصار کرنا ہوگا۔

یہ نئی گاڑی دیکھنے میں اوریجنل انسائیٹ سے کچھ زیادہ نہیں ملتی اور ہیچ بیک کی جگہ اسے سیڈان کی شکل دی گئی ہے۔

151 ہارس پاور اور ہلکے وزن کے اسٹرکچر کے ساتھ یہ فور ڈور سیڈان پہلے زیادہ ایرو ڈائنامک اور بہتر ڈیزائن کی حامل ہے۔

اس گاڑی کو رواں سال دوسری سہ ماہی کے دوران مختلف ممالک میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اس میں موجود 2 موٹر پر مشتمل ہائیبرڈ سسٹم کے ساتھ 1.5 لیٹر فور سلینڈر انجن دیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ ایندھن کے حوالے سے باکفایت ہونے کے ساتھ ساتھ پاور کے لحاظ سے سوک سے کسی صورت کم ثابت نہیں ہوگی۔

فوٹو بشکریہ ہونڈا

اس سے ہٹ کر مکمل خودمختار سسپنشن، ویری ایبل ریشو ڈوئل پینون الیکٹرک پاور اسٹیئرنگ اور مکینکل بریکنگ وغیرہ اس کے دیگر نمایاں فیچرز ہیں۔

گاڑی کے اندرونی ڈیزائن کو بھی پہلے سے بہتر بنایا گیا ہے اور اس کے لیے سوک کے فیچرز کو ادھار لیا گیا ہے جبکہ ایک بڑا ٹچ اسکرین ٹیبلیٹ جیسا انفوٹینمنٹ اسکرین بھی دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہونڈا سوک خریدنے کا فیصلہ کیوں کریں؟

اس گاڑی کو ہونڈا نے امریکا کے لیے ڈیزائن کیا ہے تاہم توقع کی جاسکتی ہے کہ یہ دیگر ممالک میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی۔

اس کی قیمت کا اعلان آنے والے ہفتوں میں کیے جانے کا امکان ہے۔