Dawn News Television

اپ ڈیٹ 09 اپريل 2018 02:15pm

پوپ فرانسس کی سندھی اجرک میں تصویر کی اصل کہانی

پاکستان میں گزشتہ ہفتے سے عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کی ایک نوجوان کے ساتھ سندھی اجرک میں لی گئی سیلفی وائرل ہو رہی ہے۔

اگرچہ پاکستانی نوجوان کے ساتھ پوپ فرانسس کی سندھی اجرک میں کھینچی گئی سیلفی اصلی ہے، تاہم اس حوالے سے کچھ غلط حقائق پیش کیے جا رہے ہیں۔

پوپ فرانسس کی سندھی اجرک میں وائرل ہونے والی تصویر کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ ایسٹر کے موقع پر کھینچی گئی۔

سوشل میڈیا پر تصویر کے ساتھ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایسٹر کے موقع پر پاکستانی نوجوان نے عیسائیوں کے مقدس شہر ویٹی کن سٹی کا دورہ کیا، جس دوران انہوں نے پوپ فرانسس کو سرزمین سندھ کا اجرک تحفہ دیا اور ایک سیلفی لی۔

تاہم اس سیلفی کی اصل کہانی کچھ اور ہے۔

نشریاتی ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق پوپ فرانسس کی سندھی اجرک کے ساتھ لی گئی سیلفی ایسٹر کے موقع پر نہیں بلکہ گزشتہ ماہ مارچ میں اس وقت کھینچی گئی جب ویٹی کن سٹی میں دنیا بھر کے مسیحیوں کی’یوتھ کانفرنس‘ منعقد ہوئی۔

خبر کے مطابق یوتھ کانفرنس میں شرکت کے لیے جانے والے پاکستان کے صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ مسیحی نوجوان ڈینیل بشیر نے یہ سیلفی اس وقت کھینچی جب انہوں نے پوپ فرانسس کو سندھی اجرک کا تحفہ پیش کیا۔

ڈینیئل بشیر کا تعلق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے ہے اور وہ ڈاکٹری کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کی سیلفی وائرل ہوئی اور لوگوں نے اس پر اچھے تبصرے کیے۔

ڈینیئل بشیر نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ ماہ مارچ میں ویٹی کن سٹی میں ہونے والی یوتھ کانفرنس کے دوران پوپ فرانسس سے ملاقات بھی کی، جب کہ انہیں اپنی سرزمین کا اجرک تحفے کے طور پر دیا اور ایک سیلفی کھینچی۔

ڈینیئل بشیر نے یہ سیلفی اپنے فیس بک پر 19 مارچ کو شیئر کی تھی، جسے اب تک اگرچہ محض 24 افراد نے ہی شیئر کیا ہے، تاہم درجنوں افراد نے اسے اپ لوڈ کرنے کے بعد اپنے فیس بک اکاؤنٹ سے شیئر کیا۔

ڈینیئل بشیر کی اس تصویر کو فیس بک سمیت ٹوئٹر پر بھی شیئر کیا گیا، پاکستانی افراد اور خصوصا صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ عالمی مذہب کے روحانی پیشوا نے وادی مہران کے اجرک کے ساتھ سیلفی کھچواکر محبت اور امن کا پیغام دیا۔

ڈینیئل بشیر نے بتایا کہ پوپ فرانسس نے تحفہ قبول کرتے وقت پاکستان کے لیے محبت اور امن کا پیغام بھی دیا۔

—اسکرین شاٹ

Read Comments