Dawn News Television

شائع 15 مئ 2018 01:54pm

کیا ماہرہ خان کانز میں شرکت کرنے والی پہلی پاکستانی اداکارہ ہیں؟

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اس وقت دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنی ہوئیں ہیں، جس کی وجہ ان کا فلمی دنیا کے سب سے بڑے فیسٹیول کانز میں ڈیبیو ہے۔

ماہرہ خان نے 14 مئی کو کانز کے ریڈ کارپٹ پر واک کی، جس دوران انہوں نے سیاہ رنگ کا خوبصورت گاؤن زیب تن کیا۔

ماہرہ کی اس فیسٹیول میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا پر اس نئی بحث کا آغاز ہوگیا، کہ ماہرہ خان پاکستان کی پہلی اداکارہ ہیں جو کانز فلم فیسٹیول کا حصہ بنیں۔

دراصل ماہرہ خان کانز فیسٹیول کا حصہ بننے والی پہلی پاکستانی اداکارہ تو نہیں، البتہ وہ میک اپ کے سب سے بڑے برینڈ لوریل کی سفیر بننے والے اور اس کی پروموشن کانز فیسٹیول پر کرنے والی پہلی پاکستانی اداکارہ ضرور ہیں۔

ماہرہ خان سے قبل اداکارہ ارمینہ رانا خان بھی کانز فلم فیسٹیول کا حصہ بن چکی ہیں، جنہوں نے ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے شائقین کو یہ اشارہ بھی دیا کہ ماہرہ سے قبل وہ اس فیسٹیول میں شرکت کرچکی ہیں۔

جہاں ماہرہ خان کانز فلم فیسٹیول میں لوریل برینڈ کی سفیر بن کر پاکستان کی نمائندگی کررہی ہیں۔

وہیں اداکارہ ارمینہ خان نے 2013 میں اس فیسٹیول کے دوران اپنی برطانوی شارٹ فلم ’ورتھ‘ کی تشہیر کی تھی۔

ارمینہ خان نے اپنی پوسٹ کے ذریعے یہ بھی بتایا کہ 2014 میں ان کی ایک اور شارٹ فلم ’سٹرینجر ود ان می‘ بھی کانز میں نمائش کے لیے پیش کی گئی۔

اداکارہ نے ماہرہ خان کی کانز میں شرکت کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Read Comments