محسن عباس کا نیا ڈرامہ بچوں پر تشدد کے موضوع پر مبنی
پاکستانی ڈراموں میں سماجی مسائل کو پیش کرنے کا بڑھتا ہوا رجحان اب بہت سے اداکاروں کو ایسے ڈراموں میں کام کرنے کے لیے مجبور کررہا ہے۔
ان ہی میں ایک اداکار محسن عباس حیدر ہیں جن کا جلد نشر ہونے والا ڈرامہ بچوں پر تشدد کے موضوع کے گرد گھومتا ہے۔
اس ڈرامے کے نام کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا، تاہم اس کی کاسٹ میں محسن عباس حیدر کے ساتھ، سونیا حسین، ثانیہ سعید اور ساجد حسن شامل ہیں جو ڈرامے میں اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
اس ڈرامے کی ہدایات علی حسن دے رہے ہیں، جنہوں نے اپنے ڈرامے ’مقابل‘ سے مقبولیت حاصل کی۔
اس ڈرامے کے حوالے سے ڈان سے بات کرتے ہوئے محسن کا کہنا تھا کہ ’12 سالوں کے کیریئر میں پہلی مرتبہ میں ایک منفی کردار ادا کرتے نظر آؤں گا، شوبز کی اور بہت سی شخصیات اس قسم کے کردار ادا کرنے کے خواہش مند ہیں، تاکہ وہ ناظرین کو ایسے سنجیدہ موضوعات پر اپنا پیغام دینے کے ساتھ ساتھ انہیں محظوظ بھی کرسکیں، میں بھی ایسا ہی کچھ کرنا چاہتا تھا، کیوں کہ یہ انٹرٹینمنٹ سے زیادہ ضروری ہے، رسک بھی ہے لیکن آگے سب اچھا ہوگا‘۔
قیاس آرائیوں کے مطابق اس ڈرامے کی کہانی رواں سال جنوری میں قصور میں 6 سالہ بچی کو ریپ کے بعد قتل کرنے کے واقع پر مبنی ہے، تاہم محسن عباس نے ان افواہوں کو بےبنیاد ٹھراتے ہوئے کہا کہ ان کے ڈرامے کی کہانی افسانوی ہے جو کسی ایک خاص واقع پر مبنی نہیں۔
اداکار نے کہا کہ ’اس ڈرامے کی کہانی بچوں پر تشدد کے موضوع پر مبنی ہے، جبکہ اسے کسی ایک واقع کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار نہیں کیا گیا، اس ڈرامے میں ایک خاندان کو پیش کیا جائے گا، میرے لیے یہ ڈرامے سے زیادہ ایک ذمہ داری ہے‘۔
محسن عباس حیدر کا یہ ڈرامہ رواں سال عیدالفطر کے بعد اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا۔