علی کاظمی ’میکینک‘ بننے کو تیار
پاکستانی اداکار میکال ذالفقار اور علی کاظمی کے آنے والے پروجیکٹ کا ٹیزر 2 ماہ قبل ریلیز ہوا تھا، جس کا نام اب تبدیل کرکے ’نا بینڈ نا باراتی‘ رکھ دیا گیا ہے۔
اس کامیڈی فلم کا نام اس سے قبل ’نا باجا نا باراتی‘ رکھا گیا تھا۔
میکال کے مطابق اس فلم کی کہانی دو بھائیوں پر مبنی ہے جو ہمیشہ کسی نہ کسی مسائل میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔
جبکہ علی کاظمی نے ڈان سے بات کرتے ہوئے فلم کے بارے میں مزید تفصیلات بتائیں۔
علی کاظمی کا کہنا تھا کہ ’اس فلم کی کہانی نہایت مزاحیہ ہے، جس میں رومانوی زندگی میں آنے والے اتار چڑھاو کو دکھایا جائے گا‘۔
مزید پڑھیں: میکائیل ذوالفقار پہلی بار پاکستانی فلم کا حصہ
انہوں نے مزید کہا کہ ’فلم میں رومانس، ایکشن اور بہترین موسیقی شامل کی گئی ہے، نا بینڈ نا باراتی ایک فیملی انٹرٹینمنٹ فلم ہے، جو شروع سے آخر تک آپ کو ہنساتی رہے گی‘۔
فلم میں اپنے کردار کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ ’میں عبدل نامی لڑکے کا کردار ادا کررہا ہوں جو ایک میکینک ہے، میں نے اتنا مزاحیہ کردار کبھی ادا نہیں کیا، ایک طرح سے یہی فلم کا مرکزی کردار ہے‘۔
نا بینڈ نا باراتی کی ہدایات ٹی وی اور تھیٹر کے معروف ہدایت کار محمود اختر دے رہے ہیں، علی کاظمی کے مطابق فلم کی شوٹنگ کے دوران محمود اختر کو دل کی تکلیف کا سامنا بھی ہوا جس کے بعد انہوں نے ہدایت کار کے ساتھ مل کر فلم کے چند سینز ڈائیریکٹ کیے۔
اس فلم میں میکال ذالفقار اور علی کاظمی کے علاوہ قوی خان، عتیقہ اوڈھو اور عذرہ محی الدین جیسے معروف اداکار بھی شامل ہیں۔
’نا بینڈ نا باراتی‘ کی شوٹنگ ٹورنٹو میں ہوئی، جو رواں سال 29 جون کو ریلیز ہوگی۔