صرف 2 ماہ کے لیے قلمدان سنبھالا ہے، نگراں وزیراعظم
سوات: نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا ہے کہ صرف 2 ماہ کےلیے وزارت عظمیٰ کا قلمدان سنبھالا ہے،آئین کے مطابق ہر کام کیے جائیں گے۔
سوات میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ عام انتخابات 25 جولائی کو ہی منعقد ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: انتخابات 2018: جسٹس (ر) ناصر الملک نگراں وزیرِاعظم نامزد
انہوں نے کہا کہ وہ آئین کی پاسداری کرتے ہوئے عوام کی خدمت کریں گے۔
اس موقع پر نگراں وزیراعظم ناصرالملک نے اپنے آبائی علاقے میں علاقہ معززین سے ملاقاتیں کی ہیں اور ان سے مسائل دریافت کیےْ
اس حوالے سے نمائندہ ڈان نے بتایا کہ جسٹس (ر) ناصرالملک نے کابینہ سے متعلق سوال پر تبصرہ کرنے سےانکار کردیا۔
دوران گفتگو ناصر الملک نے سوات کی سڑکوں کی خستہ حالی پر افسوس کا اظہار کیا اور ساتھ ہی کہا کہ وہ اپنے آبائی گھر آکر راحت محسوس کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں: نگراں وزیراعظم کی کاغذات نامزدگی پر فیصلے کےخلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی ہدایت
انہوں نے سوات کے صحافیوں سے پہلی مرتبہ ملاقات پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔
نگراں وزیراعظم سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنےو الے افراد نے ملاقات کی جن میں اسکول کے یتیم طلبہ سمیت وکلاء، تاجر اور صحافی شامل تھے۔
بعدازاں ناصرالملک نے سیدو شریف میں اپنے والد کی قبر پر فاتحہ خوانی کی۔