پوجا بھٹ، پریانکا چوپڑا کے حق میں بول پڑیں
بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا کے امریکی ٹی وی کے ایکشن تھرلر ڈرامے ’کوانٹیکو‘ میں بھارتیوں کو دہشت گرد دکھانے پر جہاں پورا ہندوستان غصے میں ہے، وہیں بولی وڈ اداکارہ پوجا بھٹ ان کے حق میں سامنے آئی ہیں۔
پریانکا چوپڑا کے ڈرامے ’کوانٹیکو‘ کے تیسرے سیزن جو رواں برس اپریل سے امریکی ٹی وی ’اے بی سی‘ پر ریلیز کردیا گیا، اس کی رواں ماہ جون کے آغاز میں ریلیز ہونے والی قسط میں بھارتیوں کو دہشت گرد دکھایا گیا تھا۔
ڈرامے میں دکھایا گیا تھا کہ چند بھارتی امریکی شہر مین ہٹن میں بم دھماکہ کرنے اور اس کا الزام پاکستان پر عائد کرنے کی منصوبہ بندی کرتے ہیں، جسے پریانکا چوپڑا اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر ناکام بنا دیتی ہیں۔
ڈرامے میں پریانکا چوپڑا نے امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی کی ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتیوں کو دہشت گرد دکھانے پر پریانکا چوپڑا تنقید کی زد میں
ڈرامے میں بھارتیوں کو دہشت گرد دکھانے پر پریانکا چوپڑا پر تنقید کی گئی تھی، جس کے بعد اداکارہ نے 2 دن قبل عوام سے معافی بھی مانگی تھی۔
When Priyanka Chopra makes a mark for herself Internationally we claim her achievements as our own & then threaten to ban her films & make her apologise for a work of fiction that has been created by someone else. Can we please attempt to be larger than that?
— Pooja Bhatt (@PoojaB1972) June 11, 2018
پریانکا چوپڑا نے ٹوئیٹ کے ذریعے معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ڈرامے سے اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ تہ دل سے معافی کی طلبگار ہیں۔
ڈرامے میں بھارتیوں کو دہشت گرد کے طور پر دکھانے کے خلاف ہندوستان بھر میں مظاہرے بھی کیے گئے تھے، جن میں شامل افراد نے پریانکا چوپڑا کی تصاویر اور مجمسوں کو آگ لگادی تھی۔
مزید پڑھیں: ’کوائنٹیکو‘ میں بھارتیوں کو دہشت گرد دکھانے پر امریکی چینل کی معافی
بعض مظاہرین نے ایسے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے، جن پر درج تھا کہ پریانکا چوپڑا دہشت گرد ہیں، انہیں پاکستان بھیجا جائے۔
پریانکا چوپڑا سے قبل امریکی ٹی وی چینل ’اے بی سی‘ نے بھی اسی معاملے پر معافی مانگی تھی اور وضاحت کی تھی کہ بھارتیوں کو دہشت گرد دکھانے کا خیال پریانکا چوپڑا کا نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈرامے میں بھارتیوں کو دہشت گرد دکھانے پر پریانکا کی معذرت
اب بولی وڈ ادکارہ و فلم پروڈیوسر پوجا بھٹ نے پریانکا چوپڑا کے حق میں بات کرتے ہوئے ان پر تنقید کرنے والوں کا آئینہ دکھایا ہے۔
پوجا بھٹ نے پریانکا چوپڑا کے حق میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جب پگی چوپس اداکاری سے عالمی سطح پر کامیابی حاصل کرتی ہیں تو ہم سب ان کی اس کامیابی کو اپنی جیت تسلیم کرتے ہیں اور اب جب انہوں نے کسی اور کی جانب سے تیار کیے گئے ڈرامے میں کام کیا ہے تو اس پر تنقید کر رہے ہیں اور اسی وجہ سے ہی انہیں معافی مانگنی پڑی۔
ساتھ ہی پوجا بھٹ نے سوالیہ انداز میں لکھا کہ کیا ہماری سوچ اس سطحی سوچ سے بڑھ سکتی ہے؟