ڈرامے میں بھارتیوں کو دہشت گرد دکھانے پر پریانکا کی معذرت
بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا جو ان دنوں اپنے امریکی ایکشن تھرلر ڈرامے ’کوانٹیکو‘ کے تیسرے سیزن کی ایک قسط کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں، انہوں نے بالآخر بھارتیوں سے معافی مانگ لی۔
پریانکا چوپڑا کو گزشتہ ہفتے اس وقت تنقید کا نشانہ بنانا شروع کیا گیا جب ان کے ڈرامے ’کوانٹیکو 3‘ کی ایک قسط میں چند بھارتی کرداروں کو دہشت گرد کے طور پر دکھایا گیا۔
رواں ماہ یکم جون کو نشر ہونے والی ’کوانٹیکو 3‘ کی قسط میں بھارتی افراد کو امریکی ریاست نیویارک کے شہر مین ہٹن میں بم دھماکا کرنے اور بعد ازاں اس کارروائی کا الزام پاکستان پر لگانے کی منصوبہ بندی کرتے دکھایا گیا تھا۔
اس ڈرامے میں پریانکا چوپڑا امریکی خفیہ ایجنسی ’فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن‘ (ایف بی آئی) کے ایجنٹ کا کردار ادا کر رہی ہیں، جنہوں نے اس قسط میں بھارتیوں کے اس منصوبے کو ناکام بھی بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتیوں کو دہشت گرد دکھانے پر پریانکا چوپڑا تنقید کی زد میں
ڈرامے میں بھارتیوں کو دہشت گرد دکھانے پر پریانکا چوپڑا اور امریکی ٹی وی چینل اے بی سی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
I’m extremely saddened and sorry that some sentiments have been hurt by a recent episode of Quantico. That was not and would never be my intention. I sincerely apologise. I'm a proud Indian and that will never change.
— PRIYANKA (@priyankachopra) June 9, 2018
لوگوں کی شدید تنقید کے بعد پریانکا چوپڑا نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے خود کو محب وطن بھارتی بھی قرار دیا۔
پریانکا چوپڑا نے ٹوئیٹ کی وہ اس بات پر افسردہ ہیں کہ ان کے ڈرامے کی ایک قسط سے کچھ لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے۔
اداکارہ نے لوگوں سے معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ اگر ان کے ڈرامے کی وجہ سے کسی کے جذبات مجروح ہوئے ہیں تو وہ معذرت خواہ ہیں۔
ساتھ ہی پگی چوپس نے لکھا کہ ان کا ارادہ کسی کے جذبات مجروح کرنا نہیں تھا۔
مزید پڑھیں: ’کوائنٹیکو‘ میں بھارتیوں کو دہشت گرد دکھانے پر امریکی چینل کی معافی
پریانکا چوپڑا نے اس بات پر فخر کا بھی اظہار کیا کہ وہ بھارتی ہیں۔
خیال رہے کہ پریانکا چوپڑا سے قبل گزشتہ روز اس ڈرامے کو نشر کرنے والے امریکی ٹی وی چینل اے بی سی نے بھی بھارتیوں کو دہشت گرد دکھانے پر معذرت کی تھی۔
چینل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارتیوں کو دہشت گرد دکھانے پر سب سے زیادہ تنقید پریانکا چوپڑا پر کی جا رہی ہے، جنہوں نے نہ تو ڈرامے کا اسکرپٹ لکھا اور نہ ہی انہوں نے اس کی ہدایت کاری کی۔
پریانکا چوپڑا کے اس ڈرامے کے تیسرے سیزن کا آغاز رواں برس 26 اپریل سے ہوا۔
اس ڈرامے کا پہلا سیزن 2015 میں ریلیز کیا گیا تھا۔











لائیو ٹی وی