چپس کے پیکٹ 'ہوا' سے بھرے ہونے کی وجہ جانتے ہیں؟
مانیں یا نہ مانیں مگر بازار سے کسی کمپنی کے چپس کا پیکٹ لیں اور اسے کھولیں تو یہ دیکھ کر جھٹکا لگتا ہے کہ وہ پیکٹ اتنا زیادہ خالی یا ہوا سے بھرا ہوتا ہے۔
تاہم کمپنیوں کا موقف ہے کہ ان کے پاس ایک معقول وجہ موجود ہے جس کی وجہ سے چپس کے پیکٹ کو ہوا سے بھرا جاتا ہے۔
درحقیقت چپس کے پیکٹ جس ہوا سے بھرے جاتے ہیں وہ کوئی عام ہوا نہیں بلکہ نائٹروجن ہوتی ہے۔
جی ہاں واقعی، اس کی وجہ کمپنیوں کے مطابق چپس کو نرم ہونے سے بچانا ہے تاکہ صارف جب بھی پیکٹ کھولے تو وہ خستہ اور کرکرے ہوں۔
مزید پڑھیں : عام چیزیں جن کا استعمال ایک عرصے تک ہی ممکن
آکسیجن ایسی گیس ہے جو تیزی سے ردعمل ظاہر کرتی ہے اور دیگر مالیکیولز کے ساتھ ملکر چپس میں ایسی کیمیائی تبدیلیاں لاتی ہے جس سے وہ خراب یا نرم ہوجاتے ہیں۔
اس کے مقابلے میں نائٹروجن مستحکم اور ردعمل ظاہر نہ کرنے والی گیس ہے اور مانا جاتا ہے کہ یہ گیس غذاﺅں کو ذخیرہ کرنے کے لیے بہترین ہے۔
چپس بنانے والی مختلف کمپنیوں کے مطابق عام طور پر ان چپس کو کھانے کی معیاد 40 سے 55 دن ہوتی ہے، تاہم نائٹروجن کی موجودگی چپس کی زندگی بڑھانے میں مدد دیتہ ہے۔
اور یہ بھی جان لیں کہ جس ہوا میں ہم سانس لیتے ہیں اس کا 78 فیصد حصہ نائٹروجن پر مشتمل ہوتا ہے تو اس کے جسم پر مضر اثرات مرتب ہونے کا کوئی امکان نہیں۔
اسی طرح پیکٹ میں ہوا بھرنا چپس کو ٹوٹنے سے بچانے میں بھی مدد دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : غذاؤں کی زندگی بڑھانے کے آسان طریقے
چپس کے ٹکڑے ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے مگر پیکٹ میں موجود ہوا فیکٹریوں سے دکانوں تک منتقلی کے دوران چپس کے لیے حفاظت کا کام کرتی ہے۔
یہ وہ طریقہ کار ہے جس پر دنیا بھر میں چپس بنانے والی کمپنیاں عملدرآمد کرتی ہیں۔
تاہم ترقی پذیر ممالک میں کمپنیاں عام طور پر چپس کی مقدار اور ہوا کی موجودگی کو واضح الفاظ میں بیان نہیں کرتیں۔