Dawn News Television

اپ ڈیٹ 09 جولائ 2018 11:32pm

دنیا کی سب سے بڑی موبائل فون فیکٹری کا بھارت میں افتتاح

سام سنگ دنیا کی سب سے بڑی الیکٹرونکس مصنوعات بنانے والی کمپنی ہے، جو دنیا بھر میں اپنے آپریشنز کو توسیع دینا چاہتی ہے۔

اس مقصد کے لیے جنوبی کورین کمپنی نے بھارتی شہر نوئیڈا میں دنیا کی سب سے بڑی موبائل فون تیار کرنے والی فیکٹری کا افتتاح کردیا ہے۔

سام سنگ کو اس وقت امریکا، کوریا اور برازیل جیسے ممالک کی مارکیٹ میں غلبہ حاصل ہے تاہم ترقی پذیر ممالک میں اس کی رفتار کافی سست ہے۔

مزید پڑھیں : سام سنگ کی تاریخ کا مہنگا ترین اسمارٹ فون

یہی وجہ ہے کہ سام سنگ نے بھارت کو اپنی توجہ کا مرکز بنالیا ہے جہاں اسمارٹ فونز کی مانگ بہت زیادہ ہے۔

سام سنگ کو توقع ہے کہ نوئیڈا میں فیکٹری کے قیام سے کمپنی کو اپنی فون پروڈکشن کو دگنا بڑھانے کا موقع ملے گا۔

سام سنگ کے مطابق اس فیکٹری میں سالانہ 12 کروڑ فونز تیار کیے جاسکیں گے جبکہ دیگر برقی مصنوعات جیسے فریج اور ٹیلیویژن وغیرہ کی پروڈکشن کا بھی امکان ہے۔

35 ایکڑ پر پھیلی یہ فیکٹری سام سنگ کو اس خطے کے دیگر ممالک میں مصنوعات برآمد کرنے میں مددگار ثابت ہوگی کیونکہ ایسا جلد ممکن ہوسکے گا اور اسے حریف کمپنیوں پر سبقت حاصل ہوجائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : سام سنگ گلیکسی ایس 10 کیسا ہوگا؟

نوئیڈا کی یہ فیکٹری بھارت میں دوسرا اہم پلانٹ ہے اور کمپنی کی مجموعی طور پر 10 فیصد مصنوعات کی پروڈکشن اس وقت بھارت میں ہورہی ہے۔

مگر آئندہ 3 برسوں کے دوران اسے 50 فیصد تک بڑھانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

Read Comments