’فلموں میں مزید ولن نہیں بننا چاہتا‘
بولی وڈ متنازع اداکار سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ نے باکس آفس پر تو شاندار کامیابی حاصل کی، تاہم شائقین نے فلم کی کاسٹ کی بہترین اداکاری کے لیے بھی اسے سراہا، جن میں سے ایک اداکار جم سربھ ہیں جو ’سنجو‘ میں منفی کردار ادا کرتے نظر آئے۔
جم سربھ نے بولی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز 2016 کی کامیاب فلم ’نیرجا‘ کے ساتھ کیا، جس میں سونم کپور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
اس فلم میں انہوں نے ولن کا کردار ادا کیا، جس میں ان کی اداکاری کو خوب پسند کیا گیا۔
اس کے بعد ہدایت کاروں نے انہیں اور بہت سی فلموں میں کاسٹ بھی کیا، تاہم کردار صرف منفی پیش کیے۔
البتہ اب جم سربھ کا ماننا ہے کہ وہ عرصے تک ولن کے کردار یا منفی کرداروں کو قبول نہیں کریں گے۔
مزید پڑھیں: پہلی بار بولی وڈ خانز کے بجائے دوسرے ہیرو کی فلم 300 کروڑ کمانے میں کامیاب
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق جم کا کہنا تھا کہ ’میں اب کچھ عرصے کے لیے ولن نہیں بنوں گا، یہ اس لیے نہیں کہا کہ مجھے ایسے کردار یا ایسی اداکاری پسند نہیں، بلکہ اس لیے کیوں کہ میں اب کچھ نیا کرنا چاہتا ہوں،
یاد رہے کہ فلم ’سنجو‘ میں جم سربھ نے منشیات فروش کا کردار ادا کیا، جو اس سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کا حصہ بنی۔
بولی وڈ میں ڈیبیو سے قبل جم سربھ ٹھیٹر میں اداکاری کرتے تھے، جہاں انہوں نے بہت سے منفرد کردار ادا کیے، جن میں ایکشن اور رومانوی دونوں شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’میں تھیٹر ڈراموں میں اس وقت سے کام کررہا ہوں جب میں اسکول میں تھا، میرا کام پھر کبھی رکا نہیں، صرف 5 مہینوں کے لیے میں نے اداکاری چھوڑی تھی تاہم بعدازاں میں اس ہی فیلڈ میں واپس آگیا‘۔
یاد رہے کہ جم سربھ کی ایک اور فلم ’رابطہ‘ 2017 میں سامنے آئی، جس میں کریتی سنن اور سشانت سنگھ راجپوت نے مرکزی کردار ادا کیے، یہ فلم تو باکس آفس پر ناکام رہی تاہم جم کے منفی کردار کو خوب سراہا گیا۔
البتہ جم سربھ توجہ کا مرکز اس وقت بنے جب انہوں نے رواں سال ریلیز ہونے والی فلم ’پدماوت‘ میں اپنے کردار سے لوگوں کا دل جیت لیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’پدماوت‘ 100 کروڑ کلب میں شامل
فلم ’پدماوت‘ میں جم سربھ نے ایک غلام کا منفی کردار ادا کیا تھا، اس فلم میں شاہد کپور، دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ اہم کرداروں میں نظر آئے۔
فلم ’پدماوت‘ اور ’سنجو‘ دونوں ہی رواں سال سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بنی اور ان دونوں ہی فلموں میں جم سربھ نے اہم کردار ادا کیا۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ آگے کس فلم میں کونسا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔