‘نگراں وزیراعظم، نواز شریف کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کریں‘
اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے نوازشریف کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کو سابق وزیراعظم کی صحت کا خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
صدارتی ترجمان کے مطابق ممنون حسین نے نگراں وزیراعظم کو فون کیا اور سابق وزیراعظم کو تمام طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ نواز شریف اڈیالہ جیل میں ہیں انہیں احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں قید کی سزا سنائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو جیل ہسپتال منتقل کردیا گیا
صدراتی محل سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ’صدر ممنون حسین نے نواز شریف کی بگڑتی ہوئی طبعیت سے متعلق میڈیا رپورٹس پر تشویش کا اظہار کیا اور اس ضمن میں نگراں وزیراعظم سے بات کی‘۔
یہ بھی کہا گیا کہ ’صدر مملکت نے نگراں وزیراعظم کو کہا کہ نواز شریف کو تمام بنیادی طبی سہولیات فراہم کی جائیں‘۔
اسی دوران آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے صدر ممنون حسین سے فون پر نواز شریف کی خراب طبیعت پر تشویش کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: میڈیکل بورڈ کا نوازشریف کو جیل سے ہسپتال منتقل نہ کرنے کا فیصلہ
راجہ فاروق حیدر نے صدر پر واضح کیا کہ’اگر نواز شریف کے ساتھ کچھ برا ہوا تو نگراں حکومت ذمہ دار ہوگی‘۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے تسلی بخش اقدامات نہیں اٹھائے جارہے۔
دوسری جانب پاکستان انسٹیوٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی جانب سے 4 رکنی میڈیکل بورڈ نے اڈیالہ جیل میں نواز شریف کا طبی معائنہ کیا۔
یہ خبر 24 جولائی 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی