Dawn News Television

شائع 13 اگست 2018 01:23am

جیمز اینڈرسن لارڈز میں 100 وکٹیں لینے والے پہلے باؤلر

انگلینڈ کے تجربہ کار باؤلر جیمز اینڈرسن نے بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کرکے ایک ہی میدان میں 100 وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے اور لارڈز میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے باؤلر بن گئے۔

جیمز اینڈرسن نے لارڈز میں بھارت کے خلاف کھیلے گئے میچ میں اوپنر مرلی وجے اور راہول کو آؤٹ کر کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کی جو اس گراؤنڈ میں کسی بھی باؤلر کا ریکارڈ ہے۔

—فوٹو: اے پی

انھوں نے اس ریکارڈ کے لیے 23 میچوں کی 45 اننگز کھیلیں۔

لارڈز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز میں دوسرے نمبر پر انگلینڈ کے ہی کرس براڈ ہیں جنھوں نے 21 میچوں کی 42 اننگز میں 83 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

تیسرے نمبر پر انگلینڈ کے سابق آل راؤنڈر آئن بوتھم ہیں جو 15 میچوں کی 26 اننگز میں 69 وکٹیں حاصل کرپائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:لارڈز ٹیسٹ: بھارت کو اننگز اور159 رنز سے بدترین شکست

اس سے قبل سری لنکا کے سابق عظیم اسپنر متھیا مرلی دھرن واحد باؤلر تھے جنھوں نے 3 مختلف میدان میں 100، 100 سے زائد وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔

مرلی دھرن نے کولمبو کے میدان میں 166، کینڈی کے اسٹیڈیم میں 117 اور گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 111 وکٹیں حاصل کرکے تین میدانوں میں 100 سے زائد وکٹیں لینے کا اعزاز پایا تھا۔

سری لنکا کے ہی رنگنا ہیراتھ بھی ایک میدان میں 100 وکٹیں مکمل کرنے کا ریکارڈ بنانے کے قریب ہیں، انھوں نے گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 99 وکٹیں حاصل کی ہیں اور اس اعزاز کے لیے انھیں صرف ایک وکٹ درکار ہے۔

خیال رہے کہ انگلینڈ نے لارڈ ٹیسٹ میں بھارت کو ایک اننگز اور 159 رنز سے ہرا کر 5 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

Read Comments